نئی دلّی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ آیئے ہم باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر مل جل کر آگے بڑھیں۔ وہ زمبابوے کے نائب صدر جنرل ( سبکدوش ) ڈاکٹر کونسٹینٹ ٹینو چیوینگا ، یوگانڈا کے نائب صدر جناب ایڈورڈ کِوانوکا سیکنڈی ، جمہوریۂ ملاوی کے نائب صدر ڈاکٹر ساؤلوس کلوس چِلیما اور برونڈی کے سکریٹری جنرل ، میجر جنرل ڈائی شمیئے ایوارِستے کے ساتھ آج حیدر آباد ہاؤس میں منعقدہ ظہرانے کی تقریب کے دوران تبادلۂ خیال کر رہے تھے ۔ وزیر خارجہ محترمہ سشما سوراج اور دیگر معززین بھی اِس موقع پر موجود تھے ۔
نائب صدر نے دورے پر آئے ہوئے معززین کو روایتی ‘ اَنگ وَسترم ’ پیش کئے اور انہیں بھارت کی اُس خوشحال ثقافتی وراثت کے بارے میں بتایا ، جس میں مہمانوں کے ساتھ ‘ دیوتاؤں ’ کی طرح سلوک کیا جاتا ہے –اتیتھی دیوو بھوا ۔ انہوں نے بھارت اور متعدد افریقی ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی اور دو فریقی تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا ۔
بھارت کے دورے پر آئے ہوئے معززین نے گرمجوشی اور ضیافت کے لئے نائب صدر جمہوریہ کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے بھارتی نائب صدر کو اپنے ملکوں کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔