نئی دہلی، جمہوریہ آرمینیا کے صدر عالی جناب سرز سرگیسیان نے آج راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔
ہندستان کے پہلے دورے پر آئے آرمینیا کے صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے انہیں آرمینیا کو صدارتی طرز حکومت سے پارلیمانی نظا م حکومت میں منتقلی کےلئے مبارک باد دی۔ صدر جمہوریہ نے ورلڈ فوڈ انڈیا تقریب میں موجود رہنے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندستان اور آرمینیا کے مابین خصوصی تعلقات ہیں۔ ہمارے درمیان بہتر تعلقات اور دوستانہ روابط کی جڑ یں تاریخی ہیں۔ صدیوں سے دونوں ملکوں کے باشندوں کےدرمیان تعلقات رہے ہیں۔ ہمیں کولکاتہ، چنئی اور ملک کے دیگر شہروں میں آرمینیا کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا موقع ملا۔ ہم اس مشترکہ ورثے پر فخر کرتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات نہایت مستحکم ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے وسیع امکانا ت ہیں۔ باہمی اشتراک و تعاون کے ممکنہ شعبوں میں صحت ایک اہم شعبہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کے اس دورے سے ہند- آرمینیا تعلقات میں ایک نئی پیش رفت ہوگی۔ صدر جمہوریہ نے ا س با ت پر اپنی خوشی ظاہر کی کہ ایراون میں زبانوں کی سرکاری یونیورسٹی میں ہندی کے لئے ایک جگہ موجود ہے۔ انہوں نے اس بات کو بھی نوٹ کیا کہ آرمینیا میں سرکاری انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل کلچر اینڈ اسپورٹس میں جلد ہی ایک یوگا کے لئے جگہ بنانے کے لئے کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے ہندستان اور آرمینیا کے درمیان ثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔