نئی دہلی،؍اپریل،درج فہرست قبائل کے قومی کمیشن (این سی ایس ٹی) نے اترپردیش کی ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ گونڈ قبائلی برادری کے جعلی سرٹیفکٹ کے بارے میں معلومات پیش کرے۔ اترپردیش کے چیف سکریٹری کو ارسال کردہ اپنے مکتوب میں این سی ایس ٹی کے سکریٹری نے کہا کہ کمیشن کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ گورکھپور، دیوریا، مہاراج گنج، بستی، اعظم گڑھ، مئو اور بلیا اضلع میں نائک برہمن اور برہمن اوجھا برادری کے بہت سے افراد نے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کیلئے گونڈ قبائلی برادری کے جعلی سرٹیفکٹ حاصل کئے ہیں۔
یوپی کے چیف سکریٹری سے کہا گیا ہے کہ وہ ریاست میں گونڈ برادری کی کل آبادی اور تناسب سمیت قبائلیوں کی کل آبادی کے بارے میں مکمل معلومات کمیشن کو پیش کریں۔ ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ نائک برہمن اور برہمن اوجھا برادری سے تعلق رکھنے والے ان افراد سے متعلق پوری معلومات دیں جنہیں گونڈ قبائلی برادری کے جعلی سرٹیفکٹ جاری کئے گئے۔ کمیشن نے یہ بھی سوال پوچھا ہے کہ کیا گونڈ قبائلی برادری کے جعلی سرٹیفکٹ بنوانے والے افراد کے خلاف کوئی دیوانی یا فوجداری کارروائی کی گئی ہے۔ کمیشن نے ایک رضاکار تنظیم (این جی او) کی نمائندگی کی بنیاد پر اس کی طرف توجہ دی ہے۔