نئیدہلی: محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) جناب سنتوش کمار گنگوار نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہروزگار پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار پانے کی صلاحیت میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے۔حکومت نے ملک میں روزگار پیداکرنے کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں مثلاََ معیشت کے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی ، پرائم منسٹر ز ایمپلائیمنٹ جنریشن پروگرام ( پی ایم ای جی پی ) ، مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائیمنٹ گارنٹی اسکیم ( ایم جی این آر ای جی ایس ) ، پنڈت دین دیال اپادھیائے گرامین کوشلیہ یوجنا ( ڈی ڈی یو ۔ جی کے وائی ) اور دین دیال انتودیہ یوجنا ۔ نیشنل اربن لائیولی ہڈ زمشن (ڈی اے وائی ۔این یو ایل ایم ) جیسی اسکیمو ں کے سلسلے میں مختلف پروجیکٹوں کی رفتار کو تیز کرنا جن میں خاطر خواہ سرمایہ کاری اور زیادہ سرکاری اخراجات کئے گئے ہیں۔
روز گار کے مواقع پید ا کرنے کو فروغ دینے کے لئے آجروں کوترغیب دینے کے مقصدسے محنت اورروزگار کی وزارت نے پردھان منتری روزگار پروتساہن یوجنا ( پی ایم آر پی وائی ) شروع کی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت تین سال کے لئے تمام اہل نئے ملازموں کو ای پی ایف اور ای پی ایس کےسلسلے میں آجر کے ذریعہ اد ا کئے جانے والے پورے حصے (بارہ فیصد یا جیسا بھی قابل قبول ہو) کی ادائیگی حکومت کے ذریعہ کی جائے گی۔
اپنا روزگار شروع کرنے کے سلسلے میں سہولت فراہم کرانے کے لئے حکومت نے پردھان منتری مدرا یوجنا (پی ایم ایم وائی )شروع کی ہے۔پی ایم ایم وائی کے تحت بہت چھوٹی ،چھوٹی کاروباری صنعتوں اور اشخاص کو دس لاکھ روپے تک کا بلاضمانت قرض دیا جائے گا تاکہ وہ اپنا کاروبار قائم کرسکیں یا اس میں توسیع کرسکیں ۔
حکومت نے نیشنل کیرئیر سروس (این سی ایس ) پروجیکٹ نافذکیا ہے۔ جس میں ایسا ڈجیٹل پورٹل شامل ہے جو نوکری تلاش کرنے والوں اور آجروں کے لئے سرگرم ، کارگر اور تعاون کرنے والے طریقے سے نوکریوں کا میلان کرنے کے لئےایک ملک گیر سطح کا آن لائن پلیٹ فارم مہیا کراتا ہے ، جس میں نوکری تلاش کرنے والوں کے لئے کیرئیر کے مواقع کی ایک ریپا زیٹری بھی ہے ۔
اسٹارٹ اپ انڈیا حکومت ہند کی ایک اہم پہل ہے ۔ جس کا مقصد اسٹارٹ اپ کاروبار کے فروغ کے لئے موافق ماحول تیار کرنا ، پائیدار اقتصادی ترقی کو تحریک دینا اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
ان اقداما ت کے علاوہ حکومت کے اہم ترین پروگراموں مثلاََ میک ان انڈیا ، ڈجیٹل انڈیا ،سووچھ بھارت مشن ،اسمارٹ سٹی مشن ، اٹل مشن فار ریجووی نیشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن ،سب کے لئے مکان ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ،صنعتی کوریڈور کے ذریعہ رو زگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ نوجوانوں کی روزگار پانے کی صلاحیت میں اضافے کے لئے مختلف شعبوں میں وزارتوں ، محکموں اورریاستوں کے ذریعہ ہنرمندی کے فروغ کی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں اور روزگار کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ نیشنل اپرینٹس شپ پر موشن اسکیم ( این اے پی ایس ) ، جس
کے تحت حکومت تربیت یافتگا ن کو اداکی جانے والی رقم کا 25 فیصدواپس لوٹادیتی ہے ۔اس سے بھی روزگار حاصل کرنے کے سلسلے میں نوجوانوں کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے ۔