نئی دہلی، مئی / امپلائیز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن ( ای پی ایف او ) نے ڈاٹا کی سکیورٹی اور تحفظ کے تحت کسی بھی خامی کی جانچ مکمل ہونے تک مشترکہ خدمات مراکز کے ذریعہ سرور اور ہوسٹ سروس کو بند کرکے پیشگی کارروائی شروع کر دی ہے ۔ ای پی ایف او اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن احتیاطی اقدامات اور تدابیر کرتی ہے کہ کوئی بھی ڈاٹا لیک نہ ہونے پائے ۔
سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے ایسی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ ای پی ایف او کے ڈاٹا سے جڑی کوئی خامی ہے ۔ اس کی بنیاد پر اس طرح کی کمیوں کو دور کرنے کے لئے مشترکہ خدمات مراکز ( سی ایس سی ) کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کو ایک مکتوب ارسال کیا گیا ہے ۔
اس سلسلے میں یہ مطلع کیا جاتا ہے کہ ڈاٹا یا سافٹ ویئر سے متعلق خامیوں کے بارے میں وارننگ جاری کرنا ایک معمول کا انتظامی عمل ہے ، جس کی بنیاد پر مشترکہ خدمات مراکز کے ذریعے مہیا کرائی جانے والی خدمات 22 مارچ ، 2018 ء سے روک دی گئی ہیں ۔ مندرجہ بالا خبر مشترکہ خدمات مراکز کے ذریعے مہیا کرائی جانے والی خدمات سے متعلق ہے ، نہ کہ یہ ای پی ایف او کے سافٹ ویئر یا ڈاٹا سینٹر سے متعلق ہے ۔ ڈاٹا لیک ہونے کی اب تک تصدیق نہیں کی جا سکی ہے ۔
لہذا ، مندرجہ بالا خبر سے فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ ای پی ایف او مسلسل اس کی نگرانی کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی اس کی کڑی نگرانی کی جائے گی ۔