نئیدہلی، برسرکار غیر تربیت یافتہ اساتذہ کی تربیت کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او ایس) کے ایک معیاری پروگرام ڈپلومہ ان الیمنٹری ایجوکیشن (ڈی .ای آئی.ای ڈی) کا فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر جناب پرکاش جاوڈیکر نے آج نئی دہلی میں آغاز کیا۔ اساتذہ کی تربیت سے متعلق یہ پروگرام غیر تربیت یافتہ سرکاری / حکومت سے امداد یافتہ / نجی امداد یافتہ تسلیم شدہ اسکولوں میں برسرکار غیر تربیت یافتہ الیمنٹری اسکولوں کے اساتذہ کے لئے تیار کیا گیا ہےاور 15 لاکھ (تقریباً) اساتذہ نے اب تک اندراج کرایا ہے۔
یہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او ایس) کا آن لائن اور فاصلاتی تعلیم سے متعلق ایک اقدام ہے۔ اس کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ اہلیت کو بڑھانا اور اطلاعات و مواصلات پر مبنی صلاحیت سازی ہے۔ معیار کو بہتر بنانے کے مقصد سے این آئی او ایس اپنی توجہ سرکاری / حکومت سے امداد یافتہ/ نجی غیر امداد یافتہ تسلیم شدہ اسکولوں میں برسرکار اساتذہ کی تربیت سے متعلق پہلوؤں پر مرکوز کررہا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ تربیت کا یہ کام ملازمت میں رہتے ہوئے ہنرمندی کے فروغ میں مدد کرنے، اپنی معلومات کو برقرار رکھنے اور مستقل طور پر اپنی ہنرمندانہ صلاحیتوں کو تازہ کرتے رہنے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ سبھی غیر تربیت یافتہ اساتذہ کو 2019 تک ٹریننگ دے دی جائے گی۔ اساتذہ کی دستیابی اور میعاری تعلیم طلبا کا حق ہے۔ جدت طرازی اور بہترین طور طریقوں سے یہ بات یقینی بنے گی کہ بہترین اذہان ملک میں جدت طرازی کے اہل بن سکیں اور اسی بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے این آئی او ایس نے اس سمت میں اقدام کیا ہے تاکہ زمینی سطح پر ہی اس کام سے جڑاؤ ہوسکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نظام تعلیم کو بہتر بنانے کے تئیں پابند عہد ہے اور 31 مارچ 2019 تک تقریباً 15 لاکھ غیر تربیت یافتہ اساتذہ کو تربیت دے دی جائے گی اور کامیابی کے ساتھ کورس کی تکمیل کرنے پر اساتذہ کو ڈپلومہ کی ڈگری دی جائے گی۔ا نہوں نے یہ بھی بتایا کہ سویم (ایس ڈبلیو اے وائی اے ایم) کے آغاز کے پہلے سال میں ہی آن لائن ٹریننگ کے معاملے میں ہم عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ 31 مارچ 2019 کے بعد ٹریننگ سے متعلق اس پروگرام میں کوئی توسیع نہیں ہوگی۔
فروغ انسانی وسائل کے وزیر مملکت (اسکولی تعلیم اور خواندگی) جناب اپیندر کشواہا نے ہنرمندی اور معلومات میں اضافے کی بدولت ہندوستان کو تعلیمی اعتبار سے سپر پاور بنانے کے لئے معیار، جدت طرازی اور ریسرچ کے تعلق سے تعلیمی ضرورتوں کے بارے میں نئی جہات کو متعارف کرانے کی سمت میں جناب پرکاش جاؤڈیکر کی سنجیدہ کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے ٹیچروں کے معیار کو بہتر بنانے کے اپنے مقصد کے لئے این آئی او ایس کو مبارکباد دی۔
این آئی او ایس کے چیئرمین پروفیسر سی بی شرما نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی ادارے کے لئے تربیت نہ صرف اہم ہے بلکہ یہ انتہائی ضروری بھی ہے۔ معیار کو بہتر بنانے کے لئے وضع کئے گئے کسی بھی نظام میں اساتذہ کس طرح سے پڑھاتے ہیں، یہ انتہائی اہمیت کی حامل بات ہے۔