نئی دہلی، وزیر دفاع محترمہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ تینوں افواج کو مربوط کرنا ہی میری ترجیح ہے ۔محترمہ سیتا رمن نے دہلی کینٹ میں مانک شاہ سینٹر میں آج جاری فوجی کمانڈروں کی کانفرنس میں شرکت کی اور وہاں اپنی 30 منٹ کی موجودگی میں فوج کے سربراہ فوج کے سبھی کمانڈروں سمیت فوج کے سینئر افسروں سے خطاب کیا۔
وزیر دفاع کا خیر مقدم کرتے ہوئے فوج کے سربراہ نے وزارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سیاچین سمیت ہراول چوکیوں پر محترمہ سیتا رمن کی جانب سے کئے گئے دورے کے بارے میں وہاں موجود لوگوں کو مطلع کیا۔ انہوں نے اس حقیقت پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ محترمہ سیتا رمن پہلے ہی شمال مشرق کے سرحدی علاقوں اور تبت میں واقع سرحد کا دورہ کر چکی ہیں۔
اس موقع پر وزیر دفاع محترمہ سیتا رمن نے اپنے خطاب کے دوران ہراول چوکیوں کے اپنے دورے اور فوجیوں کے ساتھ میٹنگ کا ذکر کیا۔ محترمہ سیتا رمن نے ڈوکلام کے تعطل ، قدرتی آفات سے نمٹنے اور شمال مشرقی ریاستوں میں شورش پسندی کی صورت حال سے نمٹنے جیسے واقعات کے دوران بھارتیہ فوج کی پیش ورانہ صلاحیت کے لئے اہل وطن کی طرف سے ظاہر کی گئی ستائش سے آگاہ کیا۔
صلاحیت اور صلاحیت سازی کے بارے میں توجہ دینے پر یقین دلاتے ہوئے انہوں نے اہم بنیادی ڈھانچے ، لمبے عرصے سے جاری فوج کی جدید کاری کی درخواستوں اور موجودہ اور ریٹائرڈ فوجیوں اور ان کے کنبوں کی فلاح و بہبود میں بہتری کی قریب سے نگرانی کرنے کا وعدہ کیا ۔ وزیر دفاع نے ایچ اے ڈی آر آلات کی پروویزننگ کرنے کے لئے وزیر داخلہ کو اپنی درخواست سے مطلع کیا تاکہ قدرتی آفات کے دوران ان آلات کا استعمال کرنے کے لئے بھارتی فوج کو اجازت دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی اہم ترجیحات میں جو اہم باتیں شامل ہیں ان میں مسلح افواج کو مربوط کرنا بھی شامل ہے اور وہ مواصلات ، تربیت ، لوجسٹک اور سائیبر پر خاص توجہ دیں گی تاکہ مستقبل میں ہونے والی کسی بھی جنگ کے لئے تیار رہا جا سکے۔