نئی دہلی، صدر جمہوریہ ہند نے جسٹس راجن گوگوئی کی ہندستان کے اگلے چیف جسٹس کے طور پر تقرری کی ہے۔ وہ موجودہ چیف جسٹس ، جسٹس دیپک مشرا کی ملازمت سے سبکدوشی کے بعد 3 اکتوبر 2018 کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔
18 نومبر 1954 کو پیدا ہونے والے جسٹس گوگوئی 1978 میں ایڈوکیٹ کے طو ر پر انرولڈ ہوئے تھے۔ انہوں نے آئینی ، ٹیکس کاری اور کمپنی معاملات سے متعلق گوہاٹی ہائی کورٹ میں وکالت کی تھی۔ 28 فروری 2001 کو گوہاٹی ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر ان کی تقرری ہوئی ۔ 9 ستمبر 2010 کو ان کا پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ تبادلہ ہوا تھا۔ 12 فروری 2011 کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طو ر پر ان کی تقرری ہوئی ۔بعد ازاں 23 اپریل 2012 کو ہندستان کی سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ان کی تقرری ہوئی ۔