نئی دہلی، پیٹرولیم اور قدرتی گیس نیز فولاد کے محکمے کے وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے آج مایہ ناز بیڈمنٹن کھلاڑی محترمہ پی وی سندھو اور ان کے والد جناب پی وی رمن سے یہاں ملاقات کی۔ انہیں قوم کے لئے قابل فخر قرار دیتے ہوئے جناب پردھان نے انہیں مبارک باد دی اور بی ڈبلیو ایف عالمی چیمپئن شپ جیتنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے محترمہ سندھو کے لئے مستقبل کی ان کی کوششوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جن میں 2020 کے اولمپک مقابلے بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر جناب پردھان نے انہیں اور ان کے والد کو ایک یادگاری سکہ پیش کیا جو حکومت ہند کی ٹکسال نے ناباکالیبر تہوار کے موقع پر جاری کیا تھا۔ انہوں نے محترمہ سندھو کو اوڈیشہ کی ایک روایتی شال بھی پیش کی۔
نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑی کو سماجی تبدیلی کا ذریعہ بننے کی ترغیب دیتے ہوئے جناب پردھان نے تجویز کیا کہ وہ اپنی آواز سووچھ بھارت ابھیان جل شکتی ابھیان اور پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنے جیسے قومی مشنوں اور مہموں میں استعمال کریں جن کا خواب وزیراعظم جناب نریندر مودی نے دیکھا ہے۔
وزیر موصوف سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتےہوئے محترمہ پی وی سندھو نے خوشی کا اظہار کیا اور جناب دھرمیندر پردھان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے اپنی حمایت کے لئے راشٹریہ اسپات نگم لمیٹیڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ محترمہ پی وی سندھو آر آئی این ایل کی برانڈ امبیسڈر ہیں۔