17.9 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

حکومت نے گذشتہ ماہ پولیس کی جدید کاری کے لیے 25000 کروڑ روپئے کے پیکیج کو منظوری دی: راجناتھ سنگھ

Government last month approved Rs.25,000 crores package for Police Modernization, says Shri Rajnath Singh
Urdu News

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ نے آج نوجوان پولیس افسروں سے کہا کہ وہ خود کو سائبر ورلڈ کی جانب سے ابھرتے ہوئے دہشت گردانہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کریں۔ حیدرآباد میں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی (ایس وی پی این پی اے) میں زیر تربیت آئی پی ایس افسروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ  آج دنیا دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مسئلے سے نبردآزما ہے اور آئی ایس آئی ایس جیسی تنظیمیں نفرت پھیلانے کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال کر رہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم بھی اس مسئلے سے اچھوتے نہیں ہیں۔

تاہم مرکزی وزیر داخلہ نے یہ کہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا کہ ہماری خفیہ اور سکیورٹی ایجنسیاں ان برائیوں سے لڑنے میں کامیاب رہی ہیں۔ مرکزی حکومت ملک کے سکیورٹی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے تئیں پابند عہد ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ریاستی پولیس دستوں کو موجودہ مسائل اور مستقبل میں پیش آسکنے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت کی مدد درکار ہے۔ ہمیں پولیس دستوں کی جدید کاری کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہماری حکومت نے گذشتہ ماہ پولیس کی جدید کاری کے لیے 25000 کروڑ روپئے کے ایک پیکیج کو منظوری دی۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے مسائل کا مستقل حل نکالنا ہوگا۔ ہم اس سمت میں کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آئندہ پانچ برسوں کے اندر ہمیں انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ پرستی کو ملک سے ختم کرنا ہوگا۔

سردار پٹیل کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ  نیشنل پولیس اکیڈمی (این پی اے)ہمیں ملک کے تئیں سردار پٹیل کی محبت اور قوم کی تعمیر کے لیے عہد بستگی اور خود کو وقف کردینے کے ان کے جذبے کی یاد دلاتی ہے ۔ آزادی کے بعد قومی یکجہتی کی  جو بنیاد سردار پٹیل نے رکھی وہ ہمیں ہمیشہ تحریک دلاتی رہے گی ۔ موجودہ ہندوستان کا سیاسی نقشہ سردار پٹیل کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ سردار پٹیل آل انڈیا سروسز کے معمار تھے جس کا مقصد ہندوستان کی سالمیت اور اتحاد کو یقینی بنانا ہے۔ انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) اس کا ایک لازمی جزو ہے ۔ آل انڈیا سروسز نے نہ صرف انتظامی ڈھانچے میں یکسانیت پیدا کی بلکہ اس نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کو برقرار رکھنے میں بھی مدد کی ۔ کل سردار پٹیل کا یوم پیدائش ہے ۔ آیئے ہم ہندوستان کے اتحاد کے پس پشت کلیدی قوت کا کردار ادا کرنے والے اس لیڈر کو خراج عقیدت پیش کریں۔

جوان پولیس افسروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کو ایک وحشی قوت نہیں بلکہ ایک مہذب قوت ہونا چاہیے۔ نوجوان پولیس اہلکاروں کے طور پر آپ نوجوانوں کے لیے مثالی نمونہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ اور مجھے یقینی ہے کہ آپ کی سخت محنت اس معاملے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انڈین پولیس سروس میں شامل کئے گئے نئے آئی پی ایس افسروں سے  خطاب کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی برسوں میں آپ عوام سے قریب رہ کر کام کریں گے ۔آپ پائیں گے کہ لوگ پولیس اہلکاروں سے بڑی توقعات رکھتے ہیں۔ پولیس سروس آپ کو مواقع کا ایک سمندر فراہم کرے گی۔ آپ کو ملک کی خدمت کرتے وقت پیشہ ورانہ اور دانشورانہ وقار برقرار رکھنا ہوگا۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ لوگ آپ کے پاس ہمدردی کے لیے نہیں  بلکہ ہم گدازی کے لیے آئیں گے۔ آپ کو اپنی سروس کے دوران اپنے اچھے اخلاق اور سلوک کو برقرار رکھنا ہوگا۔ ان توقعات کی تکمیل ایک چیلنج کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ داری اور موقع بھی ہوگی۔ آپ کے کام کے دوران مثبت مطمح نظر اور فیصلہ کن  طرز عمل بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت اہل کاروں کو ہمیشہ یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ آیا یہ فیصلہ انصاف کے حق میں ہے یا نہیں۔ میں نے دیکھا ہے کہ ان خوبیوں کے حامل اہلکاروں کا سیاست داں اور سماج کے سبھی طبقوں سے وابستہ افراد احترام کرتے ہیں۔ایمانداری اور فرض شناسی آپ کے لیے سب سے زیادہ اہم ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ کوئی سمجھوتہ ہرگز نہ کریں۔ سخت محنت، مثبت مطمح نظر، ایمانداری اور انصاف  کےساتھ صحیح فیصلہ سازی چار ایسی نمایاں صفات ہیں جو میں آپ کے اندر دیکھنا چاہتا ہوں۔ یہ خوبیاں آپ کو شہرت دلانے میں مدد کریں گی اور یہ آپ کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان اولوالعزم ہے لیکن اس کی امنگوں کی ایک مضبوط ثقافتی بنیاد ہے۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم سب نیو انڈیا کی تعمیر میں اپنا تعاون دے رہے ہیں اور آپ سب کو بھی اس کا بہت ہی اہم جزو بننا ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے وزارت داخلہ کے ویلفیئر فنڈ سے سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی ویلفیئر فنڈ  میں پانچ کروڑ روپئے کی گرانٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ نے این پی اے کے نئے لائبریری کمپلیکس کا افتتاح کیا اور   ایک شاندار پریڈ کی سلامتی لی۔ انھوں نے ٹرافیاں اور تمغے بھی پیش کئے۔

تمغہ جیتنے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ سب سے بڑا تمغہ جو آپ جیت سکتے ہیں وہ اپنے رفقائے کار اور عوام کی ستائش ہے۔

136 زیر تربیت افسروں نے این پی اے میں 45 ہفتے پر مشتمل بنیادی تربیت کی تکمیل کی۔ ان افسروں نے بھوٹان اور نیپال کے پانچ پانچ اور مالدیپ کے 4 افسر شامل ہیں۔ بیچ میں 22 خواتین افسران بھی شامل تھی۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی کی ڈائریکٹر محترمہ ڈی آر ڈولے برمن، نیپال پولیس اکیڈمی کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر، پولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جناب دیویندر سوبیدی، رائل بھوٹان پولیس کے کرنل رن زن دورجی اور  مالدیوین پولیس فورس کے اے سی پی جناب علی سجاؤ اور  سینئر اور سبکدوش پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More