16.3 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لئے سخت تر قوانین کافی نہیں،مقررہ وقت کے اندر انصاف کی فراہمی ضروری:ہنس راج گنگا رام

Urdu News

نئی دہلی، امور داخلہ کے وزیر مملکت جناب ہنس راج گنگا رام اہیر نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی احساسات کا خیال رکھتے ہوئے حال ہی میں تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 376  میں ترمیم کے تعلق سے  آرڈیننس جاری کیا ہے، تاکہ خواتین کے خلاف جرائم سے نمٹنے کے لیے سخت تر سزا کا التزام کیا جاسکے۔آج یہاں بیورو آف پولس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ(بی پی آر اینڈ ڈی)کے زیر اہتمام ’’فوجداری قانون میں صنفی انصاف ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب اہیر نے کہا کہ  جہاں قوانین کو زیادہ سخت بنایا جاسکتا ہے، وہیں فوجداری نظام انصاف کے ذریعے تیزی کے ساتھ مقدمات کا نپٹا را ہی جرائم پر قدغن لگا سکتا ہے اور جرائم کے ارتکاب  سے باز رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم لوگوں کو قصوروار قرار دیاجاسکنا شدیدتشویش کا باعث ہے۔

خواتین کے تحفظ کے تئیں حکومت کو حساس قرار دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ قانون میں خوفناک نربھیا سانحہ کے بعد ترمیم کی گئی تھی، تاہم کم عمر بچیوں کے خلاف جنسی جرائم کے حالیہ واقعات کے سبب سماج کے اندر بڑے پیمانے پر شدید برہمی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سزا کو مزید سخت بنایا ہے ، جس میں بچیوں کے ساتھ جنسی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو سزائے موت دینا بھی شامل ہے۔جناب اہیر نے کہا کہ حکومت نے جانچ پڑتال اور فاسٹ ٹریک عدالتوں کے ذریعے ایسے معاملات کے تیزی کے ساتھ نپٹارے کے لئے ایک سخت نظام الاوقات بھی طے کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولس جدید کاری پروگرام کے تحت حکومت نے فارنسک لیباریٹریز کو بہتر بنانے اور استغاثہ(پروزیکیوشن) ایجنسیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بی پی آر اینڈ ڈی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اے پی مہیشوری نے کہا کہ دن بھر چلنے والی کانفرنس کے اختتام پر جو سفارشات کی جائیں گی انہیں حکومت کے سامنے رکھا جائے گا کہ کیسے خواتین اور چھوٹی بچیوں کے خلاف جرائم سے مؤثر طریقے سے نپٹا جاسکتا ہے۔ اپنی تقریر میں نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اِش کمار نے کہا کہ این سی آر بی خواتین کے خلاف جرائم کا ایک قومی رجسٹری تیار کرنے کے کام میں مصروف ہے۔سی سی ٹی این ایس  سے ریکارڈز لئے جارہے ہیں اور ایک ایجنسی کو ہائر کیا گیا ہے  جو ڈیٹا بیس تیار کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں فی لاکھ کی آبادی پر جرائم کی شرح بہت کم یعنی7 سے 8فیصد ہے، جبکہ امریکہ میں یہ شرح 27 سے 30 فیصد اور جنوبی افریقہ میں 132 فیصد ہے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More