Online Latest News Hindi News , Bollywood News

خودکفیل اور خود پر انحصار کرنے کا سب سے بڑاسبق ہم نے کورونا وبائی مرض سے سیکھا ہے:وزیراعظم

Urdu News

نئی دہلی، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ملک بھر کے گرام پنچایتوں کے سرپنچوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے قومی یوم پنچایت راج 2020 کے موقع پر گفت و شنید کی۔

اس دوران وزیراعظم موصوف نے متحدہ ای-گرام سوراج پورٹل اور موبائل اپلی کیشن نیز سوامتو اسکیم کا بھی آغاز کیا۔

ای-گرام سوراج، گرام پنچایت ترقیات منصوبوں کو تیار کرنے اور ان کو نافذ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ یہ پورٹل اس امر کو یقینی بنائے گا کہ صحیح معنوں میں صحیح وقت پر نگرانی اور احتساب کا عمل ممکن ہو سکے۔ ای-پورٹل گرام پنچایت کی سطح پر ڈیجیٹائزیشن کو عملی شکل دینے کے لئے اہم قدم ہے۔

سوامتو اسکیم کا آغاز 6 ریاستوں میں پائلٹ موڈ کے انداز میں کیا گیا ہے ، جس کے لئے ڈرون اور جدید ترین جائزہ جاتی طریقہ ہائے کار کے استعمال کے ذریعے دیہی آبادی والی آراضی کی نقشہ بندی کے عمل کو پائے تکمیل تک پہنچایا جانا ہے۔ یہ اسکیم اس امر کو یقینی بنائے گی کہ منصوبہ بندی کا کام منظم انداز میں ممکن ہو سکے،  مالیہ جمع کرنا آسان ہو اور دیہی علاقوں میں املاک کے حقوق میں وضاحت آئے۔ اس سے مالکان مالی اداروں سے  قرض حاصل کرنےکے لائق بھی بن سکیں گے۔ املاک سے متعلق تنازعات کو بھی اس اسکیم کے توسط سے فراہم کرائے جانے والے   کاغذات کے ذریعے حل کیا جا سکے گا۔

ملک بھر کے سرپنچوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبائی مرض نے لوگوں کے کام کاج کا انداز بدل دیا ہے اور انہیں ایک اچھا سبق سکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وبائی مرض نے ہمیں یہ سکھایا ہے کہ ہم سب کو ہمیشہ خود کفیل رہنا چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وبائی مرض نے ہمارے سامنے متعدد نئی چنوتیاں اور مسائل پیش کئے ہیں، جن کا اس سے قبل تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ تاہم اس نے ہمیں ایک مضبوط پیغام کے ساتھ بہت اچھا سبق بھی سکھایا ہے۔ اس نے ہمیں سکھایا ہے کہ ہمیں خود کفیل اور خود پر انحصار کرنے والا ہونا چاہئے۔ اس نے ہمیں سکھایا ہے کہ ہمیں اپنے مسائل کا حل ملک سے باہر نہیں تلاش کرنا چاہئے۔ ہم نے سب سے بڑا سبق یہی سیکھا ہے۔

ہر ایک گاؤں کو اس حد تک خودکفیل بننا ہے کہ وہ اپنی بنیادی ضروریات کی تکمیل کر سکے۔ اسی طریقے سے ہر ضلعے کو اپنی سطح پر خود کفیل ہونا  ہے،  ہر ریاست کو اپنی سطح پر خود کفیل ہونا ہے اور ہر ملک کو اپنی سطح پر خود کفیل ہونا ہے۔

جناب نریندر مودی نے کہا کہ حکومت نے گاؤں کو خود کفالت فراہم کرنے کے لئے سخت محنت کی ہے اور گرام پنچایتوں کو مضبوط بنانے کے لئے بھی کوشش کی ہے۔ گزشتہ 5برسوں کے دوران 1.25لاکھ پنچایتوں کو براڈ بینڈ کے ذریعے مربوط کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے محض 100 پنچایتیں مربوط تھیں۔ اسی طریقے سے مشترکہ خدمات مراکز بھی 3لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چونکہ موبائل فون اب بھارت میں ہی تیار کئے جا رہے ہیں، لہذا اسمارٹ فون کی لاگت کم ہو گئی ہے اور کم لاگت والے اسمارٹ فون ہر گاؤں تک پہنچ چکے ہیں۔ اس سے گاؤں کی سطح پر ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پنچایتوں کی ترقی سے ملک اور جمہوریت کی ترقی یقینی بنائی جا سکے گی۔ آج کا دن وہ موقع ہے ، جب وزیراعظم اور گرام پنچایت کے نمائندگان کے مابین براہ راست مکالمہ ممکن ہوا۔ سرپنچوں کے ساتھ اپنی گفت و شنید کے دوران وزیراعظم نے  سادے اور سہل طریقے سے سماجی فاصلے کی تشریح دو گز دوری کے اصول کے بیان کے ساتھ  کی۔ انہوں نے کہا کہ  دیہی بھارت نے دو گز دیہہ کی دوری کا جو نعرہ دیا ہے، اُس سے عوام کی دانشمندی کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے اس نعرے کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے عوام کو سماجی طور پر فاصلہ برقرار رکھنے کی ترغیب حاصل ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنے محدود وسائل کو خیال میں نہ لاتے ہوئے بھارت نے اس چنوتی کا سامنا سرگرمی سے کیا ہے اور نئی توانائی اور نئے طریقوں سے آگے بڑھنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی اجتماعی قوت ملک کو آگے بڑھنے میں مدد دے رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کوششوں کے درمیان ہمیں یہ یاد رکھنا ہے کہ کسی ایک شخص کی بھی لاپرواہی پورے گاؤں کےلئے خطرہ بن سکتی ہے۔ لہذا ڈھیل دینے کے کوئی امکان نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے سرپنچوں سے کہا کہ وہ گاؤں میں سووچھتا ابھیان کے لئے کام کریں اور معمرافراد، دویانگ جنوں اور دیگر ضرورتمند افراد کی خبرگیری کریں ۔ ساتھ ہی ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنائیں کہ قرنطائن، سماجی فاصلہ برقرار رہے اور چہروں کو ماسک سے ڈھک کر رکھیں۔ انہوں نے سرپنچوں سے گزارش کی کہ وہ ہر کنبے کو کووڈ-19کے مختلف النوع پہلوؤں سے آگاہ کریں۔ انہوں نے دیہی بھارت کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ  آروگیہ سیتو ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ انہوں نے پنچایت نمائندگان سے کہا کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ ان کی پنچایت کے تحت ہر شخص اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں کہ گاؤں کے نادار افراد کو بہترین حفظان صحت خدمات حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت یوجنا گاؤں کے نادار افراد کے لئے بڑی راحت ثابت ہو ئی ہے اور تقریبا ایک کروڑ مریضوں نے اس اسکیم کے تحت اسپتال میں معالجے کی  مفت سہولت حاصل کی ہے۔ انہوں نے  ای-نام اور جی ای ایم جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے استعمال کی گزارش کی تاکہ گاؤں کی پیداوار کے لئے بہتر قیمتیں حاصل کرنے کی غرض سے بڑی منڈیوں  تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر، کرناٹک، بہار، اترپردیش، مہاراشٹر، پنجاب اور آسام کے سرپنچ حضرات سے گفت و شنید کی۔ انہوں نے سوراج کے سلسلے میں مہاتما گاندھی کے نظریے کو یاد کیا، جو گرام سوراج پر مبنی تھا۔ شاستروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے عوام کو یاد دلایا کہ تمام تر قوتوں کا مخزن اتحاد ہے۔ وزیراعظم نے پنچایتی راج کے دن کے موقع پر اپنی اجتماعی کوششوں، یکجہتی اور عزم مصمم کے ذریعے کورونا کو شکست دینے کے لئے سرپنچ حضرات کو اپنی جانب سے نیک تمنائیں پیش کیں۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More