نئی دہلی، ۔وزیر مملکت برائے داخلہ جناب کرن رجیجو نے ناگالینڈ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ انتخابات کے جمہوری عمل میں شرکت کی جائے ۔
ناگالینڈ کے عوام کے نام اپنے پیغام میں جناب رجیجو نے کہا کہ مرکزی سرکار ناگاعوام کے مقبول جذبات کے تئیں ازحد حساس ہے اور اس مسئلے کے جلد از جلد حل کے لئے عہد بستہ ہے۔ انہوں نے ناگالینڈ کے عوام کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ سرکار ، جیسے ہی اس مسئلے کا حل حاصل ہوگا ،اس کے جلد از جلد نفاذ کی کوشش کرے گی۔
اس کے ساتھ ہی جناب رجیجو نے ناگا لینڈ کے سماجی اور سیاسی گروپوں سے اپیل کی ہے کہ ریاستی اسمبلی کے مجوزہ انتخابات میں شامل ہوں اور اس جمہوری عمل کے بائیکاٹ کا اعلان واپس لیا جائے ۔
واضح ہوکہ ناگالینڈ اسمبلی کے انتخابات 27 فروری 2018 کو کرائے جانے ہیں ، جس کے تحت ناگالینڈ کے 60 اسمبلی حلقوں کی نمائندگی ممکن ہوسکے گی۔ اسمبلی چناؤ کے بعد ووٹو ں کی گنتی 3 مارچ 2018 کو کرائی جائے گی۔