نئی دہلی، فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر جناب رمیش پوکھریال ‘نشنک’ نے ملک بھر کے 34 اساتذہ کو سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن سی بی ایس ای اساتذہ ایوارڈ برائے 2018ء پیش کئے۔ فروغ انسانی وسائل کے وزیر مملکت جناب سنجے دھوترے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
جناب پوکھریال نے تمام انعام یافتگان اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعلیم کے ذریعہ قوم کی تعمیر میں اساتذہ برادری کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کی سخت محنت اور جانفشانی کی علامت ہیں۔ انہوں نے طلباء کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر اساتذہ سے معیاری اقدار کے ساتھ مثبت ماحول تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے دوران وزیر موصوف نے معلومات شیئر کرنے کے لیے ایک ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر دیکشا ایپ پر سی بی ایس ای کے پورٹل ودیادھن کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سی بی ایس ای کی سرگرمیوں کا سالانہ کلینڈر بھی جاری کیا۔ انہوں نے مختلف مضامین مثلاً آرٹ اینٹیگریشن، تجرباتی تفہیم، ریاضی کی پرلطف تعلیم، نئی پہل اقدامات، اسکولی معیار کا تجزیہ اور یقین دہانی، 10+2پوسٹ۔ اکیڈمک کورس، آرٹیفیشل انٹلی جنس، ہب آف لرننگ اور ایکوکلب اور آبی تحفظ وغیرہ سے متعلق 10 سی بی ایس ای مینوول جاری کئے ہیں۔
فروغ انسانی وسائل کے وزیرمملکت جناب سنجے دھوترے نے انعام یافتگان اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور گورو کے طورپر اپنی ذمہ داریوں کی کامیاب ادائیگی کے لئے ان کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہر طالب علم مختلف اور منفرد ہوتا ہے، لہٰذا تعلیم اس کی فطرت اور ضرورت کے مطابق ہونی چاہئے، تاکہ ہر بچہ اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے پُراعتماد اور باکردار بن سکے۔
اس موقع پر سی بی ایس ای صدر نشین محترمہ انیتا کروال نے اس مقتدر ایوارڈ کے منتخب کئے جانے پر اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس سے دیگر اساتذہ کو تعلیمی شعبے کے معیار کو بلند کرنے کے لئے تحریک ملے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سی بی ایس ای کے10 نئے مینوول، ودیادھن اور سرگرمیوں کے کیلنڈر، اساتذہ برادری اور طلباء کے بارے میں بھی تذکرہ کیا۔ سی بی ایس ای کی سیکریٹری جناب انوراگ ترپاٹھی بی اس موقع پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ وزارت فروغ انسانی وسائل، سی بی ایس ای ، نوودیہ ودیالیہ سنگٹھن، کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن اور اسکولوں سے متعدد مقتدر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔