نئی دہلی، ’سوستھ بچے، سوستھ بھارت‘ مہم کا آج کوچی میں آغاز کیا گیا۔ یہ مہم کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن کے ذریعے چلائی جارہی ہے، جس کا مقصد کیندریہ ودیالیہ کے 12 لاکھ سے زیادہ طلبہ کا جسمانی صحت اور فٹنس سے متعلق پروفائل کارڈ تیار کرنا ہے۔ فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر جناب پرکاش جاوڈیکر نے آج الووا (کوچی) کے کے وی این اے ڈی میں واقع کیندریہ ودیالیہ میں منعقدہ ایک تقریب میں پروفائل کارڈ کی نقاب کشائی کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ عمومی تعلیم کے توسط سے تفویض اختیارات کے ذریعے تعلیمی شعبے کو تقویت دینا مودی حکومت کا مقصد ہے۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ سبھی کے لئے معیاری تعلیم کو یقینی بنانا بھی مودی حکومت کا مقصد ہے۔ کیرالہ میں واقع کیندریہ ودیالیوں نے دوسری سبھی ریاستوں میں واقع کیندریہ ودیالیوں کے مقابلے معیاری تعلیم دینے کی مثال پیش کی ہے۔
پروگرام کے ایک جزو کے طور پر مرکزی وزیر نے کیندریہ ودیالیہ کے طلبہ کے ساتھ بات چیت کی۔ ضلع کلکٹر جناب محمد وائی سفیر اللہ اور کیندریہ ودیالیہ کے ایڈیشنل کمشنر جناب یو این کھوارے کے نام پروگرام میں شرکت کرنے والی معزز شخصیات میں شامل ہیں۔ اس موقع پر ’سوستھ بچے، سوستھ بھارت‘ نمائش کا انعقاد کیا گیا اور بچوں نے یوگا سے متعلق چیزیں بھی آویزاں کیں۔
’سوستھ بچے، سوستھ بھارت‘ پروگرام ہر بچے کو ایک جامع اور شمولیت پر مبنی رپورٹ کارڈ دستیاب کرائے گا، جس میں سبھی عمر اور دیگر قسم کی صلاحیتوں کے حامل بچے شامل ہیں۔ طلبہ، اساتذہ اور والدین کو اچھی صحت اور فٹنس کی اہمیت سے واقف کرانا اور ہر دن 60 منٹ کے کھیل کے تئیں رغبت دلانا بھی اس پروگرام کا ایک مقصد ہے۔ ’سوستھ بچے، سوستھ بھارت‘ پروگرام کا مقصد طلبہ کے اندر اولمپکس اور پیرالمپکس سے متعلق اقدار جاگزیں کرنا ہے۔ بچوں کا بچپن واپس لانا اور جسمانی سرگرمیوں اور تفریحی کھیلوں کو تعلیمی عمل کا ایک لازمی جزو بنانا، مختلف کھیلوں میں غیرمعمولی صلاحیتوں کو متحرک کرنا، اعداد و شمار جمع کرنے اور ان کا تجزیہ کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا اور اسکولوں، والدین اور اساتذہ تک رسائی کی راہ ہموار کرنا بھی ایسے پروگراموں کا مقصد ہے۔