نئی دہلی، ،ٹیکسٹائلز اور اطلاعات ونشریات کی وزیر محترمہ اسمرتی زوبن ایرانی نے کہا ہے کہ ہندوستان تہواروں، تقریبات، سرگرم جوانوں اور کہانیوں کی سرزمین ہے ،جہاں کہانیاں 1600 سے زیادہ مقامی بولیوں میں کہی جاتی ہیں۔ وزیر موصوفہ نے ان خیالات کا اظہار آج گوا میں ہندوستان کے 48ویں بین الاقوامی فلم میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے محترمہ اسمرتی ایرانی نے کہا کہ ہندوستان کے بین الاقوامی فلم میلے کے توسط سے حکومت ہند کی کوشش کہانیوں کی اس سرزمین میں دنیا بھر کے فلم سازوں کو مدعو کرنا ہے۔ افّی کے کردار کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسمرتی ایرانی نے کہا کہ اس میلے سے فلم کے شائقین کو ہندوستانی فلمی صنعت کے سب سے بڑی اور سب سے نمایا شخصیات سے ملنے کا موقع ملے گا۔
گوا کے وزیراعلیٰ جناب منوہر پریکر نے اپنی تقریر میں افی 2017 میں شرکت کرنے والے سبھی مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوا 2019 میں عظیم الشان طریقے پر افی کے 50ویں ایڈیشن کی میزبانی کیلئے تیار رہے گا۔ اس سے قبل ہندوستانی فلمی ستارے جناب شاہ رخ خان نے افی 2017 کے سبھی مندوبین اور فلم سازوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فلموں کا تعلق محبت سے ہے ، اس کا تعلق مل کر کام کرنے والے سینکڑوں لوگوں کے ذریعے ایک تصور کو حقیقت کا روپ دینے سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہانی بیان کرنے والے اور کہانی سننے والے ایک کنبے کی طرح سے ہیں اور کہانیوں کے اندر ایک دوسرے کو ایک دوسرے کے ساتھ باندھنے کی قوت ہوتی ہے۔
افّی 2017 کی افتتاحی تقریب کی نظامت راج کمار راؤ اور رادھیکا آپٹے نے کی اور اے آر رحمان، سری دیوی، ناناپاٹیکر اور شاہد کپور جیسی معروف ہندوستانی فلمی شخصیات کی اس موقع پر پروقار موجودگی رہی۔ افتتاحی تقریب کے دوران کچھ مسحور کن سمعی بصری پیشکش دیکھنے کو ملی، جس میں ’ڈرمس آف انڈیا‘ اور ’اُتسو‘ شامل ہیں۔
48ویں افّی کے دوران بہترین حالیہ بین الاقوامی فلموں کی نمائش ہوگی ۔ اس میں ریٹرو اسپیکٹیوز، برکس ایوارڈ یافتہ فلموں، خراج عقیدت پر مبنی فلموں اور ہندوستانی پنورما پر مشتمل متعدد خصوصی شعبے ہوں گے،ہندوستانی پنورما میں گزشتہ سال تیار ہوئی بہترین ہندوستانی فلموں کی نمائش کی جائے گی جس کا مقصد نوجوان تخلیقی ذہنوں کو تبادلہ خیال کرنے، دیکھنے اور سیکھنے کیلئے ایک پلیٹ فارم دستیاب کرانا ہے۔
افّی 2017 کے دوران 82 ملکوں سے زیادہ کی 195 فلموں کی نمائش ہوگی اس میں 10 عالمی پریمئرز، 10 ایشیائی اور بین الاقوامی پریمئرز اور 64 سے زیادہ ہندوستانی پریمئرز شامل ہیں۔ افی 2017 کے بین الاقوامی مسابقتی سیکشن میں 15 فلمیں شامل ہوں گی، جو گولڈن اور سلور پیکاک ایوارڈز کیلئے مسابقت کریں گی۔ بین الاقوامی مسابقتی جیوری کی قیادت معروف فلم ساز مظفرعلی کریں گے۔ جیوری کے دیگر ممبران میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے میکسین وِلیمسن، اسرائیل سے تعلق رکھنے والے اداکار اور ڈائریکٹر زاہی گریڈ، روسی حرفی تصویری کیمرہ کار یعنی سنیمٹو گرافر ولادس لاؤ اوپیل یانٹس، برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ڈائریکٹر اور پروڈیکشن ڈیزائنر روجر کرسٹیان کے نام شامل ہیں۔
افی2017 میں مضبوط بین الاقوامی رابطے والے ہندوستان پر مرکوز پروجیکٹوں کی بھی افتتاحی اور اختتامی مواقع پر خاص موجودگی ہوگی۔ ایران سے تعلق رکھنے والے ماسٹر ماجد مجیدی کی ہندوستان میں بنی پہلی فلم ’’بیوونڈ دی کلاؤڈس‘‘ اور ہندوستان ارجنٹینا کے مشترکہ پروڈیکشن سے بنی پابلوسیسر کی فلم ’’تھنکنگ آف ہم‘‘ کی بالترتیب افتتاحی اور اختتامی موقع پر نمائش کی جائے گی۔ یہ فلمیں گرو دیورابندرناتھ ٹیگور کی زندگی کے ایک گوشے پر مرکوز ہے۔
ملک میں پہلی مرتبہ افّی 2017 میں جیمس بانڈ کی فلموں پر مبنی ایک خصوصی گوشے کو جگہ دی گئی ہے۔ اس خصوصی گوشے میں جیمس بانڈ گروپ کی 9 فلموں کو جگہ دی گئی ہے۔ اس خصوصی گوشے کے توسط سے ان متعدد اداکاروں کو پیش کیا جائے گا جنہوں نے 1962 سے لے کر 2012 تک جیمس بانڈ کے کردار کو نبھایا ہے۔ مزید برآں افّی 2017 میں کناڈا پر خصوصی توجہ ہوگی۔
48ویں افّی میں خراج عقیدت سے متعلق جو چیزیں پیش کی جائیں گی ان میں اداکار اوم پوری، ونود کھنہ، ٹام الٹر، ریما لاگو، جے للتا، ڈائریکٹر عبدالماجد، کندن شاھ، دسری نارائن راؤ اور سنیمٹو گرافر رامانند سین گپتا کو خراج عقیدت شامل ہیں۔
افّی 2017 میں برکس فلم پیکج کے ایک جزو کے طور پر برکس خطے سے تعلق رکھنے والی 7 ایوارڈ جیتنے والی فلموں کا بھی ایک خصوصی گوشہ ہوگا۔ افّی 2017 میں دی ایکسیسبل انڈیا، ایکسیسبل چائنا سیکشن کے تحت بصارت سے محروم لوگوں کیلئے دو آڈیو ڈسکرائبڈ سنیمٹک ورک پیش کئے جائیں گے۔انڈین پنورما 2017 ہندوستان کے 48ویں بین الاقوامی فلم میلے کے دوران گوا میں فیچر اور نن فیچر فلموں کی نمائش کرے گا۔ انڈین پنورما کی فیچر فلم سیکشن سے متعلق افتتاحی فلم پیہو ہوگی، اس کے ڈائریکٹر ونود کاپری ہیں۔ انڈین پنورما کے غیر فیچر فلموں کے شعبے کی افتتاحی فلم پشکر پُران ہوگی،اس کے ڈائریکٹر کمل سوروپ ہیں۔ اس میں ملک بھر کے نئے ہندوستانی سنیما کی نمائش ہوگی۔