18 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

قوم کی تقدیر نوجوانوں سے وابستہ ہے: نائب صدر جمہوریہ

Urdu News

نئی دہلی، ؍ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ قوم کی تقدیر اس کے نوجوانوں سے وابستہ ہے ۔ وہ آج یہاں نیتی آیوگ اور سی آئی آئی کی طرف سے منعقدہ روزگار اور روزی روٹی سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔دیہی ترقیات ، پنچایتی راج اور کانوں کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر ،بہت چھوٹی ، چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)  جناب گری راج سنگھ ، نیتی آیوگ کے سی ای او جناب امیتابھ کانتھ اور دیگر معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے موزوں مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اچھی تعلیم، صنعتوں کی ضرورتوں کے مطابق تربیت، سماجی تحفظ کا نظام، صحت کی سہولتیں اور سرگرم لیبر مارکیٹ کسی شخص کے بامعنی روزگار کے لئے بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔ہندوستان کی آبادی کا تناسب مناسب ہنر مندی کے ذریعے بامعنی روزگار تک رسائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،اس سے نہ صرف اندرون ملک ضرورتوں کو پورا کیا جاسکے گا، بلکہ دنیا کی معیشتوں کی ضرورتوں میں مدد دی جاسکے گی۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم لوگوں کو سماجی ، اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی اعتبار سے بااختیار بنانے کا ایک ضروری طریقہ ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیم آگے بڑھنے کا پہلا قدم ہے- روزی روٹی کمانے کے اضافہ شدہ مواقع کی پہلی ضرورت ہے او رعلم  کے حصول ،ہنرمندی میں اضافے اور رجحانات نیز اقدار کو بڑھاوا دینے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم نہ صرف روزگار حاصل کرنے کے لئے ہوتی ہے، بلکہ کسی فرد کی مجموعی ترقی کے لئے بھی ضروری ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومتوں کو چاہئے  کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نوجوانوں کو  مواقع حاصل کرنے کے لئے تربیت دی جائے اور انہیں روزگار کی مارکیٹ کے لئے تیار کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ نوجوانوں کو صنعت کاری کی صلاحیت سے  آراستہ کیا جائے، تاکہ وہ روزگار تشکیل دینے والے بنیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بھی چاہئے کہ وہ نوجوانوں کو تربیت دینے اور روزگار پیدار کرنے کے لئے آگے آئیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ بیروزگاری اور کم روزگاری ایسے چیلنج ہے، جن پر توجہ دینا ہر ایک شہری کے لئے ضروری ہے۔انہوں نے روزگار پیدا کرنے اور حکومت کے پروگراموں پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کی شرکت کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی اثاثہ تیار کرنے، پرائیویٹ سرمایہ کاروں کی ہمت افزائی کرنے اور ایسے شعبوں پر توجہ دینے ، جن میں ترقی کرنے کے زیادہ امکانات ہیں اور عالمی سیاست کے مستقبل کے رجحانات کا اندازہ لگانے، نیز پیدا ہونے والے مواقع کے لئے مناسب طورپر تیاری کرنے سے ایک بڑا فرق پیدا ہوسکتا ہے۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More