نئی دہلی، حکومت ہند کا زراعت، امداد باہمی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کا محکمہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران فیلڈ لیول (زمینی سطح) پر کسانوں کی سہولت اور زرعی سرگرمیوں کو سہل بنانے کے لئے متعدد تدابیر کررہا ہے۔ زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر مسلسل صورت حال کی نگرانی کررہے ہیں۔ تازہ ترین صورت حال حسب ذیل ہے:
- لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران نیفیڈ کے ذریعے فصلوں کی خرید کی صورت حال :
آندھراپردیش، تلنگانہ، کرناٹک، راجستھان، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، گجرات، اترپردیش اور ہریانہ جیسی 9 ریاستوں سے 3.17 لاکھ میٹرک ٹن (ایل ایم ٹی) چنےکی خرید کی گئی۔
راجستھان، مدھیہ پردیش، اترپردیش، گجرات اور ہریانہ جیسی 5 ریاستوں سے 3.67 لاکھ میٹرک ٹن سرسوں کی خرید کی گئی۔
تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹر، کرناٹک، مدھیہ پردیش، گجرات اور اڈیشہ جیسی 8 ریاستوں سے 1.86 لاکھ میٹرک ٹن تور کی خرید کی گئی۔
- ربیع مارکیٹنگ سیزن (آر ایم ایس) 2020-21 میں، کل 277.38 لاکھ میٹرک ٹن گیہوں کی ایف سی آئی میں آمد ہوئی، جس میں سے 268.90 لاکھ میٹرک ٹن کی خرید کی گئی۔
- ربیع سیزن 2020-21 میں، 11 ریاستوں میں ربیع دَلہن اور تلہن کے لئے کل 3208 مخصوص خریداری مراکز دستیاب ہیں۔
- پی ایم – کسان:
لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران 24 مارچ 2020 سے آج تک تقریباً 9.25 کروڑ کسان کنبے مستفید ہوئے ہیں اور 18517 کروڑ روپئے کی رقم جاری کی گئی ہے۔