نئی دہلی، 500 کروڑ روپئے کی مرکز ی امداد ، جس کا اعلان وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کیا تھا اور 100 کروڑ روپئے کی امداد، جس کا اعلان مرکزی وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ نے سیلاب سے متاثرہ کیرلا کے لئے کیا تھا ، آج کیرلا کی حکومت کے لئے جاری کر دی گئی ۔
نیشنل کرائسس مینجمنٹ کمیٹی ( این سی ایم سی ) کی آج چھٹی بار میٹنگ ہوئی ، جس کا مقصد ریاست میں بچاؤ اور امدادی کاموں کا جائزہ لینا تھا ۔ کابینہ سکریٹری جناب پی کے سنہا نے میٹنگ کی صدارت کی ۔ کیرلا کے چیف سکریٹری نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی اور مطلع کیا کہ صورت حال میں اب کافی حد تک بہتری آ رہی ہے اگر چہ کہ اکا دکا جگہوں پر اب بھی پانی موجود ہے ۔ پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے ۔
خوراک اور سرکاری نظام تقسیم کے محکمے نے کیرلا کی حکومت کی درخواست پر 89540 میٹرک ٹن فاضل چاول الاٹ کیا ہے ۔
صارفین کے امور کا محکہ ، اس سے پہلے فراہم کی گئی 100 میٹرک ٹن دالوں کے علاوہ ، فاضل مقدار میں مونگ کی دال اور تور کی دال بھیج رہا ہے ۔
سرکاری سیکٹر کی تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کیرلا میں وزیر اعلیٰ کے امدادی فنڈ میں 25 کروڑ روپئے کا عطیہ دیا ہے ۔ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے ایل پی جی کی تقسیم کے لئے ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی مراکز کھولے ہیں ۔ سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو ایل پی جی سلینڈر لے جانے کے لئے ریاستی حکومت کے تعاون سے اجازت نامے بھی جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ وزارت نے 3.2 لاکھ ایل پی جی سلینڈر اور 2.2 لاکھ ریگو لیٹر بھی دستیاب کرائے ہیں ۔
ریلوے کے محکمے نے اب تک 2.7 لاکھ پانی کی بوتلوں کے علاوہ ، 24 لاکھ لیٹر پینے کا پانی فراہم کیا ہے ۔ مزید 14 لاکھ لیٹر پانی اس وقت ارنا کولم میں موجود ہے ۔ ریلوے کے محکمے نے چادروں اور کمبلوں کی فراہمی کے لئے بھی انتظامات کئے ہیں ۔ تمام سیکشنوں پر ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے ۔ یہ ٹرینیں مختلف ریاستوں سے کیرلا کے لئے ریلیف کا سامان مفت پہنچا رہی ہیں ۔
تمام متاثرہ علاقوں میں ، بجلی کی سپلائی بحال کرنے کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے ۔ 94 فی صد ٹیلی کام ٹاور کام کرنے لگے ہیں ۔ ٹیلی فون ایکسچینجوں کو بجلی کی سپلائی ترجیحی طور پر بحال کی جا رہی ہے ۔
صحت کی وزارت 3 کروڑ کلورین کی گولیاں سپلائی کرے گی ، جو پہلے فراہم کی گئی 1 کروڑ گولیوں کے علاوہ ہو گی ۔ 30 ٹن بلیچنگ پاؤڈر اور 1.76 لاکھ سینٹری نیپکنس بھی بھیجے گئے ہیں ۔ اگلے چند دنوں میں ان چیزوں کی مزید فاضل مقدار روانہ کی جائے گی ۔ اب تک بڑے پیمانے پر بیماری پھیلنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔
ریاستی حکومت کی ضرورت کے مطابق ضروری مسالحے ، نمک ، چائے کی پتی اور کافی خوراک کو ڈبہ بند کرنے کی صنعتوں کی وزارت کی طرف سے سپلائی کئے جا رہے ہیں ۔
وزارت خزانہ نے کیرلا میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے در آمد کئے جانے والے امدادی سامان پر کسٹم ڈیوٹی اور آئی جی ایس ٹی معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
این سی ایم سی کی میٹنگ میں مرکزی وزارتوں کے سکریٹریوں کے شرکت کی ، جن میں صحت ، ٹیلی کام ، صارفین کے امور ، خوراک اور سرکاری نظام تقسیم ، بجلی ، پیٹرولیم اور قدرتی گیس ، کامرس اور ٹیکسٹائل کی وزارت نے نیز دفاعی افواج ، وزارت داخلہ اور نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کے سینئر افسران شامل تھے ۔