نئی دہلی: یونیسکو کے ایک وفد نے ، جس کی قیادت نئی دلی میں یونیسکو کے ڈائریکٹر جناب ایرک فالٹ کررہے تھے ، آج یہاں نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی اور ’معذوری سےدو چار بچوں کے بارے میں تعلیمی رپورٹ برائے بھارت 2019 ‘ انہیں پیش کی گئی۔
رپورٹ وصول کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ یہ رپورٹ بڑی بروقت ہے کیونکہ حکومت اس وقت نئی تعلیمی پالیسی مرتب کرنے کے مرحلے میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ معذوری رکھنے والے بچوںکی تعلیم پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ملک سب کی شمولیت والی اور یکساں معیاری تعلیم کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
یہ امید ظاہر کرتے ہوئے کہ رپورٹ سے مفید معلومات حاصل ہوںگی ، نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے ہی پوری دنیا سے بہترین باتیں اپنانے کا قائل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ سب کی شمولیت والی تعلیم کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت یقیناََ رپورٹ میں پیش کی گئی تجاویز پر مثبت انداز سےغور کرے گی کیونکہ تعلیم کے بارے میں نئی قومی پالیسی میں شامل کئے جانے واے نکات پر اس وقت غوروخوض ہورہا ہے ۔
رپورٹ میں دس سفارشات شامل ہیں، جس میں معذوری رکھنےوالے افراد کے حقوق (آر پی ڈبلیو ڈی ) قانون سے مطابقت رکھنے والی ترمیمیں تعلیم حاصل کرنے کے حق کے قانون میں شامل کئے جانےکی سفارش بھی شامل ہے۔
جناب فالٹ نے نائب صدر جمہوریہ کو بھارت میںواقع عالمی ورثے کے مقامات کا ایک نقشہ بھی پیش کیا۔