16.7 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

نائب صدر جمہوریہ ہند نے نوجوانوں کو بھارت کے مالامال ثقافتی ورثے کی تفہیم کے لئے سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کی تلقین کی

Urdu News

نئی  دہلی۔ نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیانائیڈو نے عوام خصوصاً نوجوانوں  سے کہا ہے کہ وہ ملک کے سیاحتی مقامات کا دورہ کریں تاکہ بھارت کی ثقافت ، ورثے ، زبانوں ، انواع واقسام کے کھانو ں کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ ہوسکیں اور اس متنوع ثقافتی مرقع کو سمجھ سکیں۔

جناب ایم پی ویریندر کمار جو رکن پارلیمنٹ اور ماتربھومی  کے چیف منیجنگ ڈائرکٹر بھی ہیں ،کے ذریعے اصلاً ملیالم  میں تحریر کردہ ’ہماوتھابھووِل‘  نام کی کتاب جس کا انگریزی ترجمہ ’ہمالین اوڈیسی‘ کے نام سے کیا گیا ہے، کا آج نئی دہلی میں افتتاح کرنے کے بعد نائب صدر جمہوریہ ہند نے  حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ ملک میں دلچسپی کے مختلف النوع مقامات ہیں، جو اپنی نوعیت کے لحاظ یکسر مختلف ہیں اور تاریخی ،ثقافتی، دیومالائی  اور ورثہ  جاتی تانے بانے میں پروئے ہوئے ہیں اور یہ تمام مقامات ہمیں سیاحتی مضمرات کو سمجھنے اور ان سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ ہمیں دنیا دیکھنے سے پہلے اپنے ملک کو دیکھنا اور سمجھنا چاہئے۔

اس امر کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہر ریاست میں  سیاحت کے اپنے منفرد مقامات ہیں، نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ چند مقامات آپ کو ترغیب دیں گے، کچھ مقامات نئی فکر اور نئے خیالات عطا کریں گے۔ نائب صدر جمہوریہ ہند نے خواہش ظاہر کی کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان فطرت کی گود میں وقت بتائیں اور اس کے تحفظ کی کوشش کریں ۔  انہوں نے کہا کہ فطرت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے نتیجے میں فطرت اپنا رنگ دکھا رہی ہے اور یہ کئی دہائیوں سے ہورہا ہے، انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ لوگ فطرت کے ساتھ تال میل بناکر زندگی گزارنا سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر مستقبل کیلئے فطرت کا تحفظ کیجئے اور ثقافت کی حفاظت کیجئے۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے  کاپوریٹ اداروں مثلاً سی آئی آئی، ایف آئی سی سی آئی  اور ایسوچیم  سے کہا کہ  وہ ایسے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کریں جو نسبتاً کم ترقی یافتہ ہیں اور ایسے مقامات کی ترقی اور تزئین کاری میں سرمایہ لگائیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی کوششوں میں تعاون  دیں تاکہ بھارت کو عالمی پیمانے پر سیاحت کا پُرکشش مقام بنایا جاسکے۔

جناب  نائیڈو نے کہا کہ جہاں کہیں ممکن ہو، نجی- سرکاری شراکت داری نمونے اختیار کیے جانے چاہئیں تاکہ گھریلو سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔

سیاحت کے شعبے کو اقتصادی نمو کا ایک اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے اور میزبانی ، نقل وحمل کے شعبوں میں روزگار فراہم کرنے کی غرض سے  نیز مقامی برادریوں کو اختیار کاری سے آراستہ کرنے کیلئے جناب نائیڈو نے خیال ظاہر کیا کہ جو سیاح کسی خاص مقام کی سیاحت میں دلچسپی رکھتے ہیں ایسے سیاحتی مقامات یا ٹورسٹ سرکٹ کو مخصوص موضوعات پر ترقی دی جانی چاہئے اور اس کے لئے  بڑے پیمانے پر امکانات موجود  ہیں جن سے بڑی تعداد میں سیاحوں کو راغب کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم جناب نریندر مودی کے ذریعے نعرہ دیے جانے کے بعد کہ عوام کو 2022 تک 15 نئے سیاحتی مقامات کا دورہ کرناچاہئے تاکہ گھریلو سیاحت کو فروغ حاصل ہو،  کی یاددہانی کراتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ ہند نے طلباء سے کہا کہ وہ ملک کو درپیش چنوتیوں کو سمجھنے کیلئے بھارت درشن کریں اور ان مسائل کو حل کرنے کیلئے  ملکی پیمانے پر حل بھی تلاش کریں۔

جناب نائیڈو نے سودیش درشن ، تیرتھ یاترا احیاء اور روحانی تقویت مہم کے لئے  قومی مشن (پی آر اے ایس اے ڈی)  جیسی اسکیموں کو متعارف کرانے کیلئے  حکومت کی ستائش کی  اور ریلوے کی وزارت کے ذریعے  گھریلو سیاحت کو فروغ دینے کی غرض سے  خصوصی تیرتھ یاترا پیکیج شروع کرنے کیلئے  اس کی تعریف کی۔

کتاب کا ذکر کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ  ہمالیہ کے چار دھاموں تک کی گئی مختلف یاتراؤں کو بنیادی موضوع بناکر اس کتاب میں  برف پوش ہمالیائی چوٹیوں سے لیکر  کیرالا میں بہنے والے  دریا نیلا کے ساحلوں تک کا ذکر ہے اور ان پر بھرپور احاطہ کیا گیا ہے۔

راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب  ہری ونش ، رکن پارلیمنٹ جناب جے رام رمیش، جناب ڈی راجا اور دیگر معزز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More