نئی دہلی، نیتی آیوگ کا اٹل اختراعی مشن کل بروز جمعہ 15 دسمبر 2017 کو قومی راجدھانی میں اٹل ٹنکرنگ لیب کے کمیونٹی ڈے کا آغاز کرے گا ۔ اس دن آبادی پر مبنی پہل کی جائے گی جس میں 25 نوجوان اساتذہ 200 سے زیادہ ایسے طلبا سے بات چیت کریں گے جن کا نام رسمی تعلیمی نظام میں درج نہیں ہے۔
نیتی آیوگ کے سی ای او جناب امیتابھ کانت اس پہل کا آغاز کریں گے جن میں یہ اساتذہ نئی دہلی میں چار مقامات کا دورہ کریں گے اور مختلف این جی اوز سے آنے والے بچوں سے مختصر بات چیت کریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ اختراعات سے آبادیوں کے مسائل حل کرنے میں کس طرح مدد ملتی ہے۔
اٹل ٹنکرنگ لیب کمیونٹی ڈرائیو پہل کا مقصد اٹل ٹنکرنگ لیب کے اثر کو زیادہ سے زیادہ کرنا ہے، جس کے لئےآبادی کے ایسے بچوں تک اختراعات پہنچائی جائیں گی جنہیں رسمی تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ اس پہل کا مقصد ان بچوں کو ویسے ہی تعلیمی وسائل فراہم کرانا ہے جیسے کہ اٹل ٹنکرنگ لیب میں بچوں کو مسائل حل کرنے لائق بنانے کے لئے فراہم کرائے جاتے ہیں۔ اس میں شرکت کرنے والی این جی اوز میں ایسی تنظیمیں شامل ہیں جو معذور بچوں ، آوارہ گرد اور مزدوری کرنے والے بچوں اور سماج کے کمزور طبقوں کی لڑکیوں کے لئےکام کرتی ہیں۔