نئی دہلی، نیشنل اسکول آف ڈراما (این ایس ڈی) سوسائٹی نے فروری 2005 میں جو براڈ بیسڈ کمیٹی یعنی وسیع البنیاد کمیٹی (ویژن کمیٹی) قائم کی تھی، اس نے ملک بھر میں این ایس ڈی کے پانچ علاقائی مراکز کھولے جانے کی سفارش کی تھی۔ ان سفارشات کی بنیاد پر گیارہویں پنج سالہ منصوبے کی مدت (2007-12) کے دوران پانچ علاقائی مراکز کے قیام کا فیصلہ حکومت نے کیا تھا۔ یہ مراکز کولکاتہ، ممبئی، گوا، جموں و کشمیر اور شمال مشرق میں کھولے جانے تھے۔ اس کے علاوہ بنگلورو میں واقع موجودہ علاقائی ریسورس نیز ریسرچ سینٹر کو مکمل علاقائی مرکز کے طور پر اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یہ علاقائی مراکز متعلقہ ریاستی حکومتوں کے صلاح و مشورے سے قائم کئے جانے تھے، جنھیں اس مقصد کے لئے زمین ؍ جگہ دستیاب کرانی تھی۔
ریاستی حکومتوں کو مراکز کھولنے کے لئے جگہ ؍ زمین دستیاب کرانی تھی۔ اب تک صرف کرناٹک کی ریاستی حکومت نے بنگلورو میں اس مقصد کے لئے 2013 میں زمین ؍ جگہ دستیاب کرائی ہے، جہاں این ایس ڈی کے زیر اہتمام ایک سالہ تھیٹر ٹریننگ کورس چلایا جارہا ہے۔ فی الحال بنگلورو مرکز میں ڈرامائی فنون پر مشتمل ایک سالہ کورس چلایا جارہا ہے۔
جموں و کشمیر اور آسام کی حکومتوں کو این ایس ڈی کا علاقائی مرکز کھولنے کے لئے جگہ دستیاب کرانے کے لئے یاددہانی کرائی گئی ہے، تاہم اب تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
جہاں تک ممبئی میں این ایس ڈی کا مرکز کھولنے کا تعلق ہے، 2016 میں بڑے اخبارات میں اشتہار شائع کئے جانے کے باوجود مطلوبہ جگہ کا تعین اب تک نہیں ہوسکا ہے۔ مطلوبہ جگہ دستیاب کرانے کے لئے حکومت مہاراشٹر کے محکمہ ثقافت سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
جہاں تک کولکاتہ میں این ایس ڈی کا نیا مرکز کھولے جانے کا تعلق ہے تو نقل و حمل، سیاحت اور ثقافت سے متعلق پارلیمانی قائمہ کمیٹی کے محکمہ کے آبزرویشن کے مطابق ثقافت کی وزارت نے کولکاتہ میں اپنے زیر کنٹرول متعدد اداروں کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا ہے تاکہ وہاں پر این ایس ڈی کا ایک نیا مرکز کھولنے کے لئے جگہ دستیاب ہوسکے۔ این ایس ڈی نے ان سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ اگر وہ این ایس ڈی کے قیام کے لئے مناسب جگہ دستیاب کراسکتے ہوں تو اس سمت میں پہل کریں۔ لیکن مذکورہ اداروں نے اس مقصد کے لئے جگہ دستیاب کرانے میں اپنی معذوری کا اظہار کیا ہے۔
یہ اطلاع ثقافت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی تبدیلی کے وزیر مملکت ڈاکٹر مہیش شرما نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں دی۔