نئی دہلی، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ناری شکتی پرسکار پانے والوں سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔
وزیر اعظم نے انعام یافتگان کو ان کے کارناموں کے لیے مبارک باد پیش کی۔ انھو ں نے کہا کہ ان کے کام سے دوسروں کو بھی ترغیب ملتی ہے اور انھوں نے انعام یافتگان سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں اور زیادہ محنت کریں۔
سوچھ بھارت ابھیان کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس کی کامیابی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ خواتین نے اس کو اہمیت دی۔ پریاگ راج میں حال ہی میں اختتام پذیر کنبھ میلے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس بار صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیارات کی وجہ سے یہ بحث کا موضوع رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سوچھتا اب ایک عوامی تحریک بن چکی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سوچھتا تحریک میں اگلا قدم کچرے کو دولت میں تبدیل کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے مشن اندر دھنش کے ذریعے بچوں میں تغدیے کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے اور ان کے ٹیکہ کاری کے معاملے کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ان دونوں شعبوں میں کامیابی کو یقینی بنانےمیں خواتین کا کلیدی رول ہوتا ہے۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر محترمہ مینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔