نئی دہلی، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ریاست چھتیس گڑھ کا دورہ کیا۔ انہوں نے نیا رائے پور اسمارٹ سٹی میں مربوط کمانڈ اور کنٹرول سینٹر کا افتتاح کیا۔ وہاں انہیں کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بتایا گیا۔
بعدازاں انہوں نے بھیلائی اسٹیل پلانٹ کے بلاسٹ فرنیس -8 کا دورہ کیا ۔ وہاں انہیں پلانٹ کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بتایاگیا۔ بھیلائی میں سڑکوں کے کنارے لوگوں نےکھڑے ہوکر وزیراعظم کو مبارک باد دی۔
آخر میں ایک عوامی جلسے میں وزیراعظم نے بھیلائی اسٹیل پلانٹ کی جدید کاری اور توسیع کو ملک کے نام وقف کیا۔ انہوں نے وہاں آئی آئی ٹی بھیلا ئی کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے بھارت نیٹ کے دوسرے مرحلے کی شروعات کی یاد میں ایک کتبے کی نقاب کشائی بھی کی۔ وزیراعظم نے جگدل پور اوررائے پور کے درمیان ایئر خدمات کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے مختلف اسکیموں کے تحت استفادہ کنندگان کےدرمیان لیپ ٹاپ ، اسناد اور چیک بھی تقسیم کئے۔
سامعین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہر طرح کے تشدد کے جواب میں ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھیلائی اسٹیل پلانٹ نے ملک کی تعمیر میں کافی تعاو ن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید کاری شدہ اور ترمیم شدہ پلانٹ، نیوانڈیا کی مضبوط بنیاد رکھنے میں معاون ہوگا۔ ان کے فوائد کے بارے میں بھی باتیں کہیں جو دوسرے ترقیاتی پروجیکٹ جن کا افتتاح ہورہا ہے ان سے آئیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران گرام سوراج ابھیان نے مثبت نتائج مرتب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ابھیان (مشن) کو 115 توقعاتی اضلاع میں پوری شدت کے ساتھ چلایا گیا ہے ۔ جس میں سے بارہ اضلاع چھتیس گڑھ میں ہیں ۔ انہوں نے فوائد کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے کہا کہ جن دھن یوجنا ، مدرا یوجنا ، اوجولا یوجنا، فصل بیمہ یوجنا اور سوبھاگیہ کی وجہ سے ریاست کو فائدہ ہوا ہے۔
جناب نریندر مودی نے کہا کہ قبائلی عوام کے مفادات کے پیش نظر رکھتے ہوئے جنگل کے حقوق ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہی ہے اور پورے ملک میں ایکلویہ ودیالیہ قائم کئے گئے ہیں۔