نئی دہلی، وزیراعظم کی نو تشکیل شدہ اقتصادی مشاورتی کونسل (ای اے سی پی ایم) کی پہلی میٹنگ کل بدھ کے دن نیتی آیوگ میں ہوگی۔ یہ کونسل وزیراعظم کی منظوری سے 26 ستمبر 2017 کو تشکیل دی گئی تھی اور یہ سرکردہ ماہرین اقتصادیات پر مشتمل ہے۔ ان میں چیئرمین کی حیثیت سے نیتی آیوگ کےممبر ڈاکٹر بیبیک دیبرائے ، ممبر سیکریٹری کی حیثیت سے نیتی آیوگ کے پرنسپل مشیر جناب رتن پی واٹل اور جزوقتی ممبروں کی حیثیت سے ڈاکٹر سرجیت بھلا ڈاکٹر راتھن رائے ، اور ڈاکٹر آشیما گوئل شامل ہیں۔
اس کونسل کی تشکیل کے ذریعہ حکومت نے ایک منفرد ادارہ جاتی میکانزم قائم کیا ہے۔ وزیراعظم جن اہم مسائل کو خواہ وہ اقتصادی ہوں یا دیگر اس کے حوالےکریں گے ۔ یہ کونسل ان سب کا تجزیہ کرے گی اور وزیراعظم کو ان مسائل کے سلسلہ میں مشورے دے گی۔ ضروری ہے کہ کونسل انتہائی اہم اقتصادی مسائل پر توجہ کرے اور ان پر اپنے خیالات پیش کرے۔
کونسل کی پہلی میٹنگ سے پہلے 9 اکتوبر 2017 کو نیتی آیوگ کا ایک ہنگامی اجلاس ہوا ۔ کل 11 اکتوبر 2017 کو ہونے والی پہلی میٹنگ دوپہر ساڑھے گیارہ بجے نیتی آیوگ میں ہوگی۔
کونسل تمام اہم مسائل پر غور کرے گی اور متعلقہ افراد سے صلاح و مشورہ کرے گی اور نتیجہ کے طو ر پر ایک مشورہ مرتب کرے گی۔