نئی دہلی، عزت مآب وزیر اعظم نے آج ملک میں کووڈ-19 کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ جائزہ میٹنگ میں دیگر افراد کے علاوہ عزت مآب مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ، مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن، نیتی آیوگ کے ممبر ، کابینہ سکریٹری اور حکومت کے دیگر سینئر اہلکاروں نے شرکت کی۔
وزیر اعظم نے ملک کے مختلف حصوں میں صورت حال اور مختلف ریاستوں میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ہمیں عوامی مقامات پر ذاتی صفائی اور سماجی نظم وضبط کی پابندی کو دوہرانے کی ضرورت ہے۔ کووڈ کے بارے میں آگاہی وسیع پیمانے پر پھیلائی جانی چاہیے اور انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے پر مسلسل زور دیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
وزیر اعظم نے دہلی میں وبائی بیماری کی روک تھام میں مرکز، ریاست اور مقامی حکام کی مسلسل کوششوں کی ستائش کی۔ انھوں نے مزید ہدایت کی کہ پورے این سی آر علاقے میں وبائی بیماری کووڈ-19 کو محدود کرنے کے لیے دیگر ریاستی حکومتوں کو بھی اسی طرح کی حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔
احمد آبادمیں ‘وھن ونتری رتھ’ کے ذریعے نگہداشت اور گھروں میں دیکھ بھال کی کامیاب مثال کو اجاگر کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ اس کی پیروی دوسری جگہوں پر بھی کی جانی چاہیے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ریئل ٹائم قومی سطح کی نگرانی اور رہنمائی تمام متاثرہ ریاستوں اور ایسی جگہوں کو فراہم کی جائے جہاں مثبت کیسوں کی شرح زیادہ ہے۔