19.4 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

وزیر اعظم نے پورے ملک میں سماجی تحفظ کی مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ قائم کیا

Urdu News

نئی دہلی، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج  پورے ملک میں سماجی تحفظ کی مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ قائم کیا۔ سماجی تحفظ کی جن چار بڑی اسکیموں کے بارے میں بات چیت ہوئی ان میں اٹل بیمہ یوجنا ، پردھان منتری جیون جیوتی یوجنا، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا اور ویا وندنایوجنا شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے متعدد سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ قائم کرنے کا جو سلسلہ قائم کیا ہے، یہ ان میں کی آٹھویں کڑی تھی۔

جن لوگوں نے مشکلات کا سامنا کیا اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر ابھرے، اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا سماجی تحفظ کی اسکیمیں لوگوں کو بااختیا ر بناتی ہیں۔ا نہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی سماجی تحفظ کی ان اسکیموں سے نہ صرف لوگوں کو زندگی میں بے یقینی کی کیفیت سے مؤثر طورپر نمٹنے میں مدد ملتی ہے، بلکہ انہیں یہ موقع بھی ملتا ہے کہ وہ اپنے کنبے کے مشکل مالی حالات سے اوپر اٹھ سکیں۔

وزیر اعظم نے ان مختلف اقدامات کو اجاگر کیا ، جو حکومت نے غریبوں اور کمزور لوگوں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کی اسکیموں کے ذریعے اٹھائے ہیں۔یہ اقدامات ہیں بینکوں کے دروازے غریبوں کے لئے کھولنا-ان پر بھروسہ کرنا جن پر پہلے بھروسہ نہیں کیا جاتاتھا۔چھوٹے کاروبار اور چھوٹے صنعت کاروں کی سرمایہ تک رسائی کو یقینی بنانا-یعنی ان لوگوں کو روپیہ فراہم کرنا  جن کے پاس روپیہ نہیں تھا، غریبوں اور کمزور لوگوں کو سماجی تحفظ فراہم کرنا-یعنی مالی اعتبار سے غیر محفوظ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا۔

اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 2017-2014 کے دوران پردھان منتری جن دھن یوجنا کے تحت 28کروڑ بینک کھاتے کھولے گئے اور یہ دنیا میں کھولے جانے والے بینک کھاتوں کا تقریباً 55فیصد ہے۔ انہوں نے خوشی ظاہر کی کہ ہندوستان میں اب عورتوں کے زیادہ بینک اکاؤنٹ ہے اور یہ کہ ہندوستان میں 2014 میں 53فیصد بینک کھاتے تھے، جبکہ اب یہ تعداد بڑھ کر 80 فیصد ہوگئی ہے۔

لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں سنتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حالانکہ ایک شخص کی جان کا نقصان کبھی بھی پورا نہیں کیا جاسکتا، تاہم حکومت نے ہمیشہ متاثر ہ کنبے کی اقتصادی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5کروڑ سے زیادہ لوگوں نے تقریباً 300 روپے کی معمولی قسط دے کر پردھان منتری جیون جیوتی یوجنا سے فائدہ اٹھایا ہے۔

حادثے کی شکل میں بیمے کی اسکیم پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 13کروڑ سے زیادہ لوگوں نے اس اسکیم سے فائدہ اٹھایا ہے۔پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا کے تحت لوگ 12 روپے سالانہ کی معمولی قسط دے کر حادثے کی صورت میں 2لاکھ روپے تک کا بیمہ حاصل کرسکتے ہیں۔

بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے ضعیف اور معمر افراد کی بھلائی کے لئے شروع کی گئیں مختلف اسکیموں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال شروع کی گئی ویا وندنا یوجنا سے تقریباً 3لاکھ معمر لوگوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 60 سال سے زیادہ کی عمر کے  شہری 10 سال کے لئے 8فیصد منافع کما سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت نے معمر شہریوں کے لئے آمدنی ٹیکس کی بنیادی حد2.5 لاکھ سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے کردی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے بزرگ لوگوں کی فلاح و بہبود کا تہیہ کررکھا ہے۔

سبھی لوگوں کو سماجی تحفظ کے تحت لانے کے حکومت کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 20 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو پچھلے تین برسوں میں سماجی تحفظ کی تین بڑی اسکیموں کے تحت لے آیا گیا ہے(پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا، پردھان منتری جیون جیوتی یوجنا اور اٹل پنشن یوجنا) ۔ وزیر اعظم نے اسکیموں سے فیضیاب ہونے والوں کو یقین دلایا کہ حکومت اپنے تمام شہریوں خاص طورپر غریب اور کمزور لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور بہترین طریقے پر ان کو بااختیار بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

وزیر اعظم سے بات چیت کرتے ہوئے مختلف سماجی تحفظ کی اسکیموں سے فیضیاب ہونے والوں میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح ان اسکیموں نے ضرورت کے وقت ان کی مدد کی ہے۔ان لوگوں نے وزیراعظم کی طرف سے شروع کی گئی متعدد اسکیموں کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان میں سے بیشتر اسکیموں نے ان کی زندگی بدل کر رکھ دی ہے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More