نئی دہلی وزیر اعظم جناب نریندر مودی 17 ستمبر 2017 کو کیواڈیا ، گجرات میں سردار سروور ڈیم قوم کے نام وقف کریں گے ۔ حال ہی میں ڈیم اونچائی بڑھا کر 138.68 کی گئی ہے ، اس طرح اس ڈیم کی قابل استعمال اسٹوریج صلاحیت 4.73 ملین ایکر فٹ (ایم اے ایف) ہوگئی ہے ۔ اس سے ریاست گجرات، راجستھان ، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کو زبردست فائدہ پہنچے گا ۔
اس پروجیکٹ سے ایک وسیع آبی گذرگاہ اور پائپ لائن نیٹ ورک کے ذریعہ گجرات کے جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے، وہاں دریائے نرمدا کا پانی پہنچانے میں مدد ملی ہے ۔ مذکورہ پروجیکٹ میں آبپاشی سے تقریبا 10 لاکھ کسانوں کے مستفید ہونے کی توقع ہے ۔ مختلف گاؤں اور شہروں کو پینے کے پانی کی سپلائی سے چار کروڑ لوگوں کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے ۔ اس پروجیکٹ کو پانی کی منتقلی کے لیے اب تک کی سب سے بڑی انسانی کوشش قرار دی گئی ہے ۔ سالانہ ایک بلین ہائیڈرو پاوراکائیوں کی بجلی پیدا کرنے کی بھی توقع ہے ۔
وزیر اعظم ڈیم سے سادھو بیٹ تک کا سفر کریں گے جہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل کا ایک علامتی مجسمہ ‘مجسمۂ اتحاد’ اور میموریل کمپلیکس کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ وزیر اعظم کو اس پروجیکٹ سے متعلق کاموں کا جائزہ پیش کیا جائے گا ۔ یہ پروجیکٹ 182 میٹر طویل مجسمہ ، ایک نمائش ہال ، ایک میموریل گارڈن اور ایک زائرین کے مرکز پر مشتمل ہے ۔
وزیر اعظم نرمدا مہوتسو کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے اور دبھوئی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے ۔ تقریب کے دوران قومی قبائلی مجاہدین آزادی کے میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔
بعدا ازاں وزیر اعظم امریلی جائیں گے ۔ وہ وہاں اے پی ایم سی کے ایک نئے مارکیٹ یارڈ کا افتتاح کریں گے ۔ وہ امر ڈیری کے ایک نئے پلانٹ کا افتتاح بھی کریں گے اور شہد کی پیداوار کے ایک مرکز کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ وہ امریلی میں ایک سہاکار سمیلن سے بھی خطاب کریں گے ۔