12.2 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے کووِڈ۔19 کی دوسری لہر کے خلاف وزارت دفاع اور مسلح افواج کی کوششوں کا جائزہ لیا؛

Urdu News

نئی دہلی: وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے یکم مئی 2021 کو، ملک میں کووِڈ۔19 کی موجودہ صورتحال کے خلاف نبرد آزمائی میں شہری انتظامیہ کی حمایت کے لئے وزارت دفاع اور مسلح افواج کی کوششوں کا جائزہ لیا۔ اس میٹنگ میں چیف آف ڈفینس اسٹاف جنرل بپن راوت، سکریٹری برائے دفاع ڈاکٹر اجے کمار، بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل کرم بیر سنگھ، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ایم ایم نرونے، محکمہ برائے دفاعی تحقیق  و ترقی کے سکریٹری اور تنظیم برائے دفاعی تحقیق و ترقی کے چیئرمین (ڈی آر ڈی او) ڈاکٹر جی ستیش ریڈی، مسلح افواج طبی خدمات (اے ایف ایم ایس) کے ڈائرکٹر جنرل سرجن وائس ایڈمیرل رجت دتا، ڈپٹی چیف انٹیگریٹڈ ڈفینس اسٹاف (میڈیکل) لیفٹیننٹ جنرل مادھوری کانتکر اور ایڈیشنل سکریٹری (دفاعی پروڈکشن) جناب سنجے جاجو اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

جناب راج ناتھ سنگھ کو مطلع کیا گیا کہ تقریباً 600 ڈاکٹروں کو خصوصی اقدامات کے ذریعہ متحرک کیا جا رہا ہے، اس میں ان لوگوں کو بھی اپنی خدمات دینے کے لئے بلایا جانا شامل ہے جو گذشتہ چند برسوں کے دوران ریٹائر ہوگئے تھے۔ بھارتی بحریہ نے مختلف ہسپتالوں میں مدد کے لئے 200 بیٹل فیلڈ نرسنگ اسسٹنٹ تعینات کیے ہیں۔ نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) نے مہاراشٹر، اتراکھنڈ اور ہریانہ میں مختلف مقامات پر 300 کیڈٹ اور عملے کو تعینات کیا ہے۔ معمر صحتی ماہرین کی دیکھ ریکھ میں گھروں میں رہ رہے مریضوں کی مشاورت کے لئے ایک ٹیلی میڈیسن خدمات جلد شروع ہوگی ۔ بھارتی فوج نے مختلف ریاستوں میں شہریوں کے لئے 720 سے زائد بستر مہیا کرائے ہیں۔ وزارت دفاع نے فوج کو مقامی انتظامیہ کے ساتھ ریاستی اور ضلعی سطح  پر تفصیلات ساجھا کرنے کے لئے ہدایت جاری کی ہے۔ جنرل بپن راوت نے مشورہ دیا کہ مقامی ملٹری کمانڈ کو شہری انتظامیہ کی مدد کرنے میں سرگرم طور پر شامل ہونا چاہئے۔

جناب راج ناتھ سنگھ کو مطلع کیا گیا کہ لکھنؤ میں ڈی آر ڈی او کے ذریعہ 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے جو آئندہ 2 سے 3 دنوں میں مصروف عمل ہو جائے گا۔ مزید ایک ہسپتال وارانسی میں قائم کیا جا رہا ہے جو کہ 5 مئی تک مکمل ہونا ہے۔ ڈی آر ڈی او کے چیئرمین نے کہا ہے کہ 380 آکسیجن پی ایس اے (پریشر سوئنگ ایڈسارپشن) پلانٹس میں سے اولین چار پلانٹس پی ایم کیئرس فنڈ کے تحت تیار کیے جا رہے ہیں اور انہیں آئندہ ہفتے تک نئی دہلی کے ہسپتالوں میں لگایا جائے گا۔

وزیر دفاع نے بیرونی ممالک اور اندرونِ ملک کھپت اور پروڈکشن والے مقامات کے درمیان آکسیجن کنٹینرس کے نقل و حمل میں مسلح افواج کے ذریعہ فراہم کرائی جارہی لاجسٹکس امداد کی ستائش کی۔ جہاں ایک طرف بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کے ٹرانسپورٹ طیارے نے سنگاپور، بینکاک، دوبئی اور اندرونِ ملک  مقامات سے مختلف مشن انجام دیے ہیں، وہیں دوسری جانب بھارتی بحریہ نے آکسیجن سے بھرے ہوئے کنٹینرس کو بھارت پہنچانے کے لئے چار بحری جہاز دو مشرق وسطیٰ  کے لئے اور دو جنوبی ایشیا کے لئے   روانہ کیے۔ یکم مئی 2021 تک بھارتی فضائیہ نے بیرونی ممالک سے 28 مشن انجام دیے، 830 میٹرک ٹن صلاحیت کے حامل 47 آکسیجن کنٹینرس کو ہوائی جہاز کے ذریعہ منتقل کیا گیا، جبکہ اندرونِ ملک، فضائیہ نے 158 مشن انجام دیے، جس کے تحت 2271 میٹرک ٹن صلاحیت کے حامل 109 کنٹینرس کو ہوائی جہاز کے ذریعہ منتقل کیا گیا۔ بحریہ اور فضائیہ نے اپنے مشنوں کے تحت مختلف شہری ہسپتالوں کو تقریباً 500 پورٹیبل آکسیجن سلنڈر بھی فراہم کرائے۔

عوامی دائرہ کار کی دفاعی اکائیاں (ڈی پی ایس یو) ریاستوں میں مختلف ہسپتالوں کو طبی ساز و سامان فراہم کرانے کے لئے سی ایس آر کے تحت 28 آکسیجن پلانٹس اور 40 کروڑ روپئے کے بقدر طبی سازو سامان کی خریداری کر رہی ہیں۔ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) نے بنگلورو میں 250 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال قائم کیا ہے۔ 250 بستروں پر مشتمل مزید ایک ہسپتال لکھنؤ میں قائم کیا جا رہا ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مسلح افوج کو شہری انتظامیہ کو تمام تر ضروری امداد بہم پہنچانی چاہئے ۔ ساتھ ہی انہوں نے وزارت دفاع کے افسران اور فوج کے تینوں شعبوں سے مختلف پہل قدمیوں پر قریبی نظر رکھنے کے لئے بھی کہا۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More