نئیدہلی؛ وزیر دفاع محترمہ نرملا سیتا رمن نے تقریباً 5 کروڑ روپے کے چیک ایسے 30 خاندانوں (96 افراد) کو تقسیم کیے جن کی آپریشن سی برڈ (بحریہ کا پروجیکٹ) کے تحت باز آبادکاری کی گئی تھی۔ انہوں نے ایسے لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسٹریٹیجک بحریہ کے اڈے تیار کرنے کے لیے اپنی زمین دی تھی۔ بحریہ کے اس اڈے سے ہندوستان میں مغربی ساحل کے ساتھ ساتھ بحریہ کی موجودگی مستحکم ہوگی۔
حکومت ہند وزارت دفاع نے بحریہ کا اڈہ تیار کرنے کے مقصد سے کرناٹک میں اتر کنڈ ضلعے کے کارواڑ اور انکولا تعلقوں کے 13 گاؤوں میں واقع 2 ہزار 412 ایکڑ ، 15 گنٹاز ، سات آنا پیمائش کی نجی زمین حاصل کی ہے۔ سال 1988 سے 2000 تک کے درمیان زمین کا قبضہ حاصل کرنے کے وقت زمین کے مالکوں کو معاوضے کے طور پر 22.5 کروڑ کی رقم ادا کی گئی تھی اس کے علاوہ اس پروجیکٹ سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے لیے بازآبادکاری کے پیکیجوں کے لیے 125 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی۔
کچھ زمین مالکوں نے جو کہ اسپیشل لینڈ ایکویزیشن آفیسر (ایس ایل اے او) کے ذریعے دیئے جانے والے معاوضے کی رقم سے مطمئن نہیں تھے، زمین کی حصولیابی کے قانون 1894 کی دفعہ 18 کے تحت مقدمہ درج کرایا جس کے بعد عدالتوں میں فی ایکڑ 4.60 لاکھ روپے کی مزید رقم کا معاوضے میں اضافہ کیا جس کی سپریم کورٹ نے بھی تصدیق کی۔
عدالتوں کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے وزارت داخلہ اب تک ایسے 1008 معاملوں میں 380 پوائنٹس 42 کروڑ روپے کے اضافی معاوضے کی ادائیگی کر چکی ہے۔ یہ رقم ایس ایل او کارواڑ کے پاس پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہے تاکہ کارواڑ /انکولا میں ایگزیکیوشن کورٹس کے ذریعے زمین کے مالکوں کو یہ رقم تقسیم کی جا سکے۔ جن زمین مالکوں نے زمین کی حصولیابی کے قانون کی دفعہ 28-اے کے تحت درخواستیں داخل کی تھیں ان کے سلسلے میں وزارت دفاع نے ایسے 858 معاملوں کے لیے 207.11 کروڑ روپے کی رقم منظور کی ہے۔ ڈی ای او بنگلور نے 23 فروری 2018 کو 154 کروڑ روپے ایس ایل اے او کارواڑ کے پاس جمع کرا دیئے ہیں۔ ڈی ای او بنگلور 53,11,58,544/- روپے کی بقایہ رقم ماہ فروری 2018 کے اندر ایس ایل اے او کارواڑ کے پاس جمع کرا دیں گے۔
صورتحال یہ ہے کہ زمین کی حصولیابی کے معاوضے کی کل رقم 587 کروڑ روپے کی ادائیگی زمین کے مالکوں کو کی جانی تھی جس میں سے مرکزی حکومت 534 کروڑ روپے پہلے ہی ایس ایل اے او اور عدالتوں کے پاس جمع کرا چکی ہے۔ بقیہ 53 کروڑ روپے فروری 2018 ماہ کے آخر تک جمع کرا دیئے جائیں گے۔