نئی دہلی، ملک گیر‘ٹاٹابلڈنگ انڈیا اسکول مضمون نگاری مسابقت’ 17-2016 میں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں نے آج راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند نےمذکورہ اسکول ،مضمون نگاری مسابقت میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بطور خاص اس بات کا ذکر کیا کہ ملک بھرکے 8500اسکولوں کے تقریباً 40لاکھ بچوں نے 13زبانوں میں ‘تعمیر ملک’ کے موضوع پر مضمون نگاری کی۔ کامیاب ہونے والے 78بچوں میں 53 لڑکیاں ہیں۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ بچوں نے گلوبل وارمنگ پر مضامین لکھے اور یہ بھی بتایا کہ ہم میں سے ہر ایک موسمیاتی تبدیلی کو ٹالنے اور فطری ماحولیات کے تحفظ میں کیا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موضوع کا تعلق بنی نوع انسان کو درپیش سب سے بڑی چنوتیوں میں سے ایک چنوتی سے ہے۔ اتنے بچوں نے گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی پر مضمون نویسی کی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب ایسی پیڑھی تیار ہو گئی ہے، جسے کرۂ ارض اور ہمارے ماحولیات کی پرواہ ہے۔