نئی دہلی، ریلوے کی وزارت نے مسافروں کی حفاظتاور سیکورٹی کو بڑھانے کی غرض سے ریلوے اسٹیشنوں پر اور مسافر گاڑیوں میں سی سی ٹی وی پر مبنی نگرانی نظام فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ 8244 ریلوے اسٹیشنوں پر (جن میں ہالٹ اسٹیشن بھی شامل ہیں) اور ٹرینوں کے 58276 مسافر ڈبوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی منظوری دی گئی ہے جن پر 3771 کروڑ روپے لاگت آئے گی ان میں 983 اسٹینشوں پر تقریباً 500 کروڑ روپے کی لاگت سے نربھے فنڈ کے ذریعہ نصب کئے جانے والے کیمرے بھی شامل ہیں۔
ریلوے میں پولیس کی فراہمی ایک ریاستی معاملہ ہے۔ اسی لئے ریلوے احاطوں میں جرائم کی روک تھام ، کیسوں کے اندراج ، ان کی تحقیق اور امن و انتظام کی برقرار نیز چلتی ٹرینوں میں جرائم کی روک تھام اور ریل پٹریوں اور پلوں کی سیکورٹی بھی ریاستی حکومتوں کی لازمی ذمہ داری ہے۔ ریاستی حکومتیں یہ ذمہ داری ریلوے پولیس (جی آر پی) اور ضلع پولیس کے ذریعہ ادا کرتی ہیں۔ البتہ مسافروں کے ٹھہرنے کی جگہوں اور مسافروں نیز ان سے وابستہ معاملات کے بہتر تحفظ اور سیکورٹی میں ریلوے پروٹیکشن فورس ( آر پی ایف) دوسری ریلوے فورس یعنی جی آر پی کی کوششوں میں اس کی مدد کرتی ہے۔
جن جگہوں پر جرائم مثلاً ڈاکہ زنی اور لوٹ مار وغیرہ کا خطرہ رہتا ہے ، ان جگہوں ، سیکشنوں ، اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی نشاندہی کے لئے جائزہ کا مسلسل انتظام کیا جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں جی آر پی / ضلع پولیس کے قریبی تعاون سے مسافروں اور ان کے مال و اسباب کی حفاظت اور سیکورٹی کے لئے حفاظت کے انتظام کئے جاتے ہیں جن میں عملہ کی تعیناتی اور گشت لگانا وغیرہ شامل ہے۔
ریلوے کے وزیر مملکت جناب راجن گوہن نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ اطلاع فراہم کی۔