نئی دہلی؛ جمہوریہ کمبوڈیا کے وزیراعظم عزت مآب ہون سین نے آج رشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔
تبادلۂ خیال کے دوران صدر جمہوریہ نے کہا کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات اور آسیان –ہند سربراہ کانفرنس میں کمبوڈیا کے وزیراعظم کی موجودگی سے ہندوستان کی عزت افزائی ہوئی ہے۔ صدر جمہوریہ نے آسیان –ہند سربراہ کانفرنس کی کامیابی سے متعلق ان کی حمایت کےلیے کمبوڈیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور کمبوڈیا کے مابین قریبی تہذیبی اور ثقافتی روابط ہیں۔ ہمارے تعلقات وقت کی کسوٹی پر کھرے اترے ہیں۔ نوآبادیاتی دور کے بعد کی تاریخ میں مشکل حالات میں کمبوڈیا کا ساتھ دینے کے لیے ہندوستان کو فخر ہے۔ ہندوستان کے ایکٹ ایسٹ پالیسی کے تناظر میں کمبوڈیا ایک اہم ملک ہے۔
صدر جمہوریہ نے مختلف اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں میں ہندوستان کی حمایت کرنے کے لیے کمبوڈیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی شمسی اتحاد میں شامل ہونے کے لیے کمبوڈیا کے فیصلے کی بھی ستائش کی۔