نئی دلّی: نیشنل کیڈٹ کور ( این سی سی ) کے رضا کار کیڈٹس یکم اپریل ، 2020 ء سے کورونا وائرس ( کووڈ – 19 ) کی وباء سے لڑائی میں ایکسرسائز ” این سی سی یوگدان ” کے تحت شہری ، دفاع اور پولیس کے عملے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر شہری انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں ۔ تقریباً 2000 کیڈٹس پہلے ہی 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کام کر رہے ہیں ، جن میں سب سے زیادہ 306 کیڈٹس تمل ناڈو میں مختلف فرائض کی انجام دہی کے لئے تعینات کئے گئے ہیں ۔ ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔
ایسے میں ، جب کہ لاک ڈاؤن مسلسل جاری ہے ، زیادہ سے زیادہ ریاستیں مختلف کاموں کے لئے این سی سی کے کیڈٹس کو طلب کر رہی ہیں ۔ این سی سی کا صدر دفتر ڈائریکٹوریٹ جنرل ، اس کار خیر کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے والے رضا کاروں کی تعداد کی نگرانی کر رہا ہے ۔ اب تک تقریباً 5000 کیڈٹس نے ” ایکسرسائز این سی سی یوگدان ” میں تعاون کے لئے اپنی خدمات پیش کی ہیں ۔
ان خدمات کے لئے 18 سال کی عمر سے زیادہ کے رضا کار این سی سی کیڈٹس سینئر ڈویژن سے ( لڑکوں کے لئے ) اور سیئر ونگ (لڑکیوں کے لئے ) سے لئے جا رہے ہیں ۔ یہ کیڈٹس رضا کارانہ طور پر ، ان خدمات کے لئے خود کو پیش کر رہے ہیں ۔ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ان کیڈٹس کو تعینات کرنے سے پہلے ، انہیں اچھی طرح تربیت دی جائے اور پوری طرح آگاہ کیا جائے ۔
ریاستی مشینری اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام کیڈٹس کو ، ان کے تحفظ کے تمام سامان ، جیسے ماسک ، دستانے وغیرہ فراہم کئے جائیں ۔ ان کیڈٹس کی سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انہیں افسران ، جونیئر کمیشنڈ افسران ، پی آئی عملے اور این سی سی کے اے این او کی نگرانی میں تعینات کیا جا رہا ہے ۔ انہیں ایسے علاقوں میں تعینات نہیں کیا جا رہا ہے ، جو سیل کئے گئے ہیں یا متعلقہ ریاستی حکومتوں کے ذریعہ ان علاقوں کو ” ہاٹ اسپاٹ ” قرار دیا گیا ہے ۔
کیڈٹس کو مختلف کاموں میں ، جیسے ٹریفک بندوبست ، سپلائی چین کے بندوبست ، خوردنی اشیاء کی تیاری اور پیکنگ ، خوراک اور ضروری اشیاء کی تقسیم ، لوگوں کی قطاروں کو درست کرانا ، ایک دوسرے سے فاصلہ ( سوشل ڈسٹینسنگ ) ، کنٹرول مراکز اور سی سی ٹی وی کنٹرول روم وغیرہ کی نگرانی کے لئے تعینات کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ ، این سی سی کیڈٹس عوام کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ، جیسے ٹوئیٹر ، انسٹا گرام اور وہاٹس ایپ وغیرہ پر پیغام بھیج کر کووڈ – 19 کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کا کام بھی کر رہے ہیں ۔
این سی سی ایک بار پھر ، جب ملک کو اس کی ضرورت ہے ، اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ آگے آئی ہے ۔ آج اس میں تقریباً 14 لاکھ نوجوان شامل ہیں اور 29 ریاستوں اور 9 مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر محیط ، اس کے 17 ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ پورے ملک میں اس کی رسائی ہے ۔ ان ڈائریکٹوریٹس کو مزید 99 گروپوں اور 826 یونٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور اس طرح یہ تمام ریاستوں کے تمام اضلاع میں دستیاب ہے ۔ اب چونکہ مختلف ضلع صدر دفاتر کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ نقل و حمل اور سپلائی کے بندوبست کے لئے کیڈٹس کا استعمال کریں ، ضلع انتظامیہ این سی سی ڈائریکٹوریٹس سے رجوع کرکے ان کی مدد طلب کر رہے ہیں ۔