نئی دہلی، صدر جمہوریہ ہند، جناب رام ناتھ کووند نے گرو نانک دیو جی کے یوم پیدائش کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایک پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا ‘‘گرو نانک دیو جی کے 550 ویں یوم پیدائش کے مبارک موقع پرمیں ہندوستان میں اور بیرونی ممالک میں رہنے والے سبھی ہندوستانیوں اور خصوصی طور پر سکھ برادری کے بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
گرونانک دیو جی کی زندگی اور ان کی تعلیمات نے پوری نسل انسانی کو محبت، ہمدردی، برابری اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے علم میں روشنی پھیلائی اور سبھی کو بھید بھاؤ اور رسم و رواج سے نجات حاصل کرنے اور اس کے بدلے ‘سربت دا بھلا’ یعنی سبھی کی بھلائی کے لئے کام کرنے کی تحریک دی۔ان کا پیغام ‘نام چپو، کرت کرو اور وانڈ چھکو’ جس کا مطلب ہے، خدا کا ورد کرو، ایمانداری اور سخت محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داری پوری کرو اور جو کچھ آپ کماؤ اس میں ضرورت مندوں کا بھی حصہ رکھو،پوری نسل انسانی کے لئے ہے۔ گرونانک دیو جی نے خواتین کا احترام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وہ ایک قابل تقلید خاندانی شخص تھے، جنہوں نے ایک سنت کی طرح زندگی گزاری اور اس کے ذریعہ پوری دنیا کو ‘کرما’ کا پیغام دیا۔
اس مبارک موقع پر آیئے ہم گرو نانک دیو کے بتائے راستے پر چلیں اور مساوات اور سماجی بھائی چار ے کی ان کی تعلیمات کی بنیاد پر معاشرے کی تعمیر کریں’’۔