نئی دہلی، ہندستان اور ویتنام کے ساحلی محافظوں کے درمیان اعلی سطح کی میٹنگ آج یہاں کوسٹ گارڈ کے صدر دفتر میں ہوئی۔ یہ میٹنگ اس مفاہمت نامے کے ضابطوں کے تحت ہوئی جس پر 2015 میں دستخط کئے گئے تھے۔ انڈین کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل (آئی سی جی) جناب راجندر سنگھ نے ہندستانی وفد کی قیادت کی جبکہ ویتنام کے کوسٹ گارڈ کی قیادت وہاں کے کوسٹ گارڈ کے کمانڈنٹ میجر جنرل نوین وانسون کررہے تھے ۔ ویتنام کے وفد میں چھ ارکان شامل تھے۔
میٹنگ کے دوران طرفین نے مفاہمت نامے کے ضابطوں کے تحت باہمی تعاون کو مستحکم بنانے سے اتفاق کیا ۔ بہترین انتظامیہ کارروائیاں ، آپریشن سطح کے ضابطوں کو مزید ترقی دینے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔
دونوں ساحلی محافظوں کے درمیان تعلقات بہت پرانے ہیں جب ہندستان کے ساحلی محافظوں کے جہازوں نے 2001 میں پیشہ ورانہ رابطوں کے سلسلہ میں ویتنام کا دورہ کرنا شروع کیا۔ آج کی میٹنگ دونوں ملکوں کی طرف سے پیشہ ورانہ ابطوں کو مستحکم بنانے کی کوششوں کا ایک حصہ تھی۔ اس کا مقصد سمندری حفاظت اور سمندر میں سیکورٹی کے معاملے میں دونوں ملکوں کے ساحلی محافظوں کے درمیان تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔
ویتنام کے کمانڈر اپنے وفد کے دیگر ممبروں کے ہمراہ چنئی جائیں گے جہاں وہ ہندستان میں ویتنام کے پہلے کوسٹ گارڈ جہاز کی آمد کی خیر مقدمی تقریر میں حصہ لیں گے اور چار اکتوبر 2018 سےچنئی کے سمند ر میں شروع ہونے والی مشترکہ مشقوں میں شرکت کریں گے۔ ویتنام کے ساحلی محافظوں کا جہاز سی ایس بی 8001 کل چنئی پہنچنے والا ہے۔
آج کی میٹنگ ہندستان اور ویتنام کے درمیان ساحلی محافظوں کے پہلے سےموجودپیشہ ورانہ تعلقات کو مہمیز دینے کے لئے کافی اہمیت کی حامل تھی۔