نئی دہلی، نائب صدرجمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستان کی تاریخ ، وراثت ، ثقافت ، روایات ، اقدار اور اخلاق پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تعلیمی نظام پر نظر ثانی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی اور دوسری لیڈروں کے ذریعے دی گئی قربانیوں ، ان کی بہادری اور تعاون کی کہانیاں ہمارے تعلیمی نظام کا اہم عنصر ہونا چاہئے۔
آج یہاں پنا لال گردھاری لال دیانند اینگلو ویدک کالج کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو سیکھنے اور سکھانے اور ذہانت کا مندر ہونا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو امن ، ہم آہنگی ، فروغ اور ترقی کے گہوارے ہونا چاہئے۔
جناب نائیڈو نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے کیمپس کے ماحول کو ایسی تقریبات کے انعقاد سے پراگندہ نہیں کیا جانا چاہئے جو تعلیم سے منسلک نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کردار سازی تعلیمی دھرم کا لازمی جزو ہونا چاہئے۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ اسکاؤٹ ، گائڈس اور این سی سی جیسی تنظیموں میں خدمات انجام دینے کو طلباء کے لئے لازمی بنایا جانا چاہئے تاکہ طلباء میں ڈسپلن اور ضرورت مندوں کی خدمت کرنے اور ہمدردی رکھنے کے جذبے کو فروغ مل سکے۔
نائب صدرجمہوریہ نے انٹرنیٹ کی لت کے خلاف نوجوانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل کنکٹی وٹی بچوں کے لئے تباہ کن ثابت ہورہی ہے اور انہو ں نے والدین اور ٹیچروں سے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی اور انٹر نیٹ کی خامیوں سے بچوں کو محفوظ رکھیں۔
اس موقع پر پنا لال گردھاری لال دیانند اینگلو ویدک کالج کے طلباء ، اساتذہ ، کرناٹک کے سابق گورنر اور پی جی ڈی اے وی کالج کی گورننگ باڈی کے چیئرمین جناب ٹی این چترویدی ، دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش تیاگی اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔