نئی دہلی، سیاحت و ثقافت کے مرکزی وزیر مملکت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے سیاحت کی وزارت کے تحت آئی ٹی ڈی سی کے ذریعے چلائے جانے والے ہوٹل اشوک کا دورہ کیا تاکہ 24 اگست کو دہلی میں ہوٹلوں کو چلانے سے متعلق دہلی آفات بندوبست اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کے ذریعے جاری حکم نامے کے پیش نظر آئی ٹی ڈی سی ہوٹلوں کی تیاریوں کا جائزہ لے سکیں۔ انڈیا ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( آئی ٹی ڈی سی ) نے 24 اگست 2020 سے ریاستی راجدھانی میں واقع ہوٹلوں کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
ہوٹلوں کو دوبارہ کھولے جانے کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ سیاحتی صنعت کے دو سب سے بڑے اجزاء یعنی ہوٹلوں اور ریستورانوں کو ملک کی راجدھانی میں دوبارہ کھولے جانے کا عمل ایک مثبت قدم ہے، جس سے گھریلو سفر کو تقویت ملے گی اور اس صنعت کو بہت راحت حاصل ہوگی۔ ڈی ڈی ایم اے کا ملک کی راجدھانی میں سیاحت اور میزبانی سے متعلق سرگرمیوں کو از سر نو شروع کرنے کا فیصلہ ایک خوش آئند قدم ہے۔
میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جناب پٹیل نے مطلع کیا کہ آئی ٹی ڈی سی نے اپنے پورے عملے کو کووڈ – 19 سے متعلق صحت اور سیفٹی پروٹوکول کے بارے میں سخت ٹریننگ دی ہے اور ہر ڈویزن کے لئے تفصیلی ایس او پی تیار کیا ہے۔ آئی ٹی ڈی سی نے ریئل ٹائم بیسس پر کووڈ – 19 سے متعلق صورت حال کی نگرانی کرنے اور جب کبھی ضرورت پیش آئے تو ضروری اقدامات کرنے کے لئے ایک مشاورتی ادارے کی تشکیل کے لئے ایمس کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط بھی کئے ہیں ۔
وزارت داخلہ نے 8 جون 2020 سے مرحلہ وار طریقے سے سیاحتی شعبے میں ہوٹلوں ، ریستورانوں اور میزبانی سے متعلق خدمات کو شروع کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ صحت وکنبہ بہبود کی وزارت نے ، ہوٹلوں ، ریستورانوں اور رہائش سے متعلق دیگر اکائیوں کو چلانے کے لئے ایس او پی ؍ پروٹوکول جاری کیا تھا ، جس کے بعد وزارت صحت ہوٹلوں، ریستورانوں اور دیگر رہائشی اکائیوں کے لئے آپریشنل گائڈ لائنس لے کر آئی تھی، جسے ملک بھر میں سرکولیٹ کیا گیا تھا۔