نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب محمد حامد انصاری نے جموں وکشمیر میں امرناتھ یاتریوں پر ہوئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ۔ اپنے ایک پیغام میں جناب حامد انصاری نے کہا کہ تشد د کے اس قسم کے اقدامات کا کوئی جواز نہیں ہے اور اس قسم کے حملوں کے لئے اکسانے والے اور اس کی سرپرستی کرنے والے نیز انہیں پناہ دینے والوں کو بھی انسانیت کے خلاف اس جرم کے لئے سزا دی جانی چاہئے ۔ جناب حامد انصاری کا پیغام حسب ذیل ہے :
مجھے جموں وکشمیر میں امرناتھ یاترا پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی خبر سن کر سخت صدمہ پہنچا ہے جس کے نتیجے میں تیرتھ یاتریوں کی ہلاکتیں پیش آئی ہیں اور متعدد یاتری زخمی ہوئے ہیں ۔اس قسم کے بزدلانہ اقدامات کا کوئی جواز نہیں ہے اور ان حملوں کے لئے اکسانے والے ، ان کی مدد کرنے والے اور ان کو پناہ دینے والوں کو انسانیت کے خلاف جرائم کی پاداش کی سزا دی جانی چاہئے ۔ ہندوستان کی روح پر اس قسم کے حملوں کی صورت میں ہم ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہیں ۔ میں اس حملے کے مہلوکین کے کنبوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور مہلوکین کی آتما کی شانتی اور زخمیوں کے جلد شفایات ہونے کے لئے دعاگوہوں ۔