نئی دہلی، صحت و کنبہ بہبود کے وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبے نے آج یہاں آئی آئی ایم ایس (ایمس )، نئی دہلی کے 63ویں یوم تاسیس تقریبات کا افتتاح کیا۔ تقریب کے دوران جناب چوبے نے 14فیکلٹی ممبران کو ریسرچ ایکسیلنس ایوارڈز سے نوازا۔ 30 میڈیکل اور پیرا میڈیکل طلباء کو اکیڈمک ایوارڈز اور تمغے دیئے گئے۔سابق ڈین(اکیڈمکس) اور ایمس کے شبعہ میڈیسن کے صدر ڈاکٹر جے ایس گلوریا اور ایمس نئی دہلی کے ڈائریکٹر پروفیسر رندیپ گلوریا بھی تقریب میں موجود تھے۔اس دن کو ایمس میں انڈر گریجویٹ ٹیچنگ کے آغاز کے طورپر منایاجاتا ہے اور یہ وہ دن ہے جب 1956ء میں ایم بی بی ایس کلاسز کے پہلے بیچ کا آغاز ہوا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب چوبے نے کہا کہ اس ادارے نے معیار کا ری اور تعلیم کے تعلق سے ہمیشہ اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا ہے اور اس نے نہ صرف ہندوستان ، بلکہ عالمی سطح پر خود کو چوٹی کے طبی ادارے کے طورپر ثابت کیاہےجو کہ ممتاز طبی تعلیم ، جدید ترین تحقیقات اور معیاری صحت نگہداشت سے متصف ہے۔
جناب چوبے نے مزید کہا کہ ایمس نے اعلیٰ شہرت حاصل کی ہے اور اکیڈمکس ، ریسرچ اور مریضوں کی دیکھ بھال کے معاملے میں قابل ذکر تعاون دیا ہے۔ اس نے نمبر ون کا مقام برقرار رکھا ہے اور یہاں امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، جرمنی وغیرہ جیسے دیگرممالک کے طلباء بھی حصول تعلیم کے لئے آتے ہیں۔
جناب چوبے نے کہا کہ ملک بھر میں قائم کئے جارہے نئے ایمس جیسے اداروں کے لئے اس ایمس کی حیثیت ایک سرپرست ادارے کی ہے۔اس سلسلے میں اس ایمس نے دیگر ایمس کے لئے اصول و ضوابط سمیت ذیلی قانون سازی اور اس کے تجزیئے کا جو کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔
اس موقع پر ایمس ، نئی دہلی میں ‘‘آئندہ نسل کی صحت نگہداشت’’ کے موضوع پر ایک نمائش کا بھی انعقاد کیا۔ سبھی شعبہ جات نے مستقبل کی صحت نگہداشت کے موضوع پر پوسٹر آویزاں کئے اور ویڈیوز کی نمائش بھی کی۔جدت طرازی اور تبادلہ خیال پر مبنی نمائشوں کے ساتھ ساتھ ناظرین کے فائدے کے لئے ایک ڈینٹل چیک اپ ،آنکھوں کی جانچ اور دیگر طبی جانچ پڑتال کا انتظام بھی کیا گیا۔ یہ نمائش عوام کے لئے 30 ستمبر 2018ء تک کھلی رہے گی۔‘سووچھتا ہی سیوا’ مہم کو فروغ دینے کے لئے ایک انسانی زنجیر بنائی گئی ، جس کے ذریعے پیغامات اور نعروں کی نمائش کی گئی۔