نئی دہلی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) یکم جولائی 2017 سے نئے رائے دہندگان پر مرکوز ’’باقیماندہ رائے دہندگان کے رجسٹریشن کیلئے خصوصی تحریک ‘‘ شروع کررہا ہے تاکہ کسی بھی ووٹر کے پیچھے نہ رہ جانے کے اپنے مقصد کو پورا کرسکے۔
زیادہ سے زیادہ مستحق رائے دہندگان تک پہنچنے کے مقصد سے ای سی آئی یکم جولائی سے پہلی بار ملک گیر سطح پر’’ووٹر رجسٹریشن ریمائنڈر‘‘ شروع کرنے کیلئے فیس بک کا تعاون حاصل کررہا ہے۔ ہندوستان میں فیس بک پر 180 ملین سے زیادہ لوگ ہیں، فیس بک کا ’’رجسٹرناؤ‘‘ بٹن الیکشن کمیشن آف انڈیا میں رجسٹریشن کرانے کیلئے ہندوستانی شہریوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یکم جولائی کو ہندوستان میں فیس بُک استعمال کرنے والے ایسے لوگوں کو ’’ووٹر رجسٹریشن ریمائنڈر ‘‘ کا نوٹیفکیشن بھیجا جائے گا جو ووٹ دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ یہ ریمائنڈر 13ہندوستانی زبانوں میں بھیجا جائے گا جن میں انگریزی، ہندی، گجراتی ، تمل ، تیلگو ، ملیالم ، کنّڑ ، پنجابی، بنگالی، اردو، آسامی زبان، مراٹھی اور اڑیہ شامل ہیں۔
ملک میں یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ ہندوستان بھر میں فیس بُک کا ووٹر رجسٹریشن ریمائنڈ ربھیجا جائیگا۔ سن 2016 اور 2017 میں چیف الیکٹورل آفیسروں نے ریاستی انتخابات کے دوران ریاستی سطح پر ایسی کوششیں کی تھیں۔
یکم جولائی 2017 سے فیس بک پر ’’رجسٹرناؤ‘‘ بٹن پر کلک کرنے پر لوگوں کو نیشنل ووٹرز سروسز پورٹل (www.nvsp.in) پر بھیجا جائیگا جو رجسٹریشن کے عمل کے لئے ان کی رہنمائی کرے گا۔
ملک گیر سطح پر ’’ووٹر رجسٹریشن ریمائنڈر ‘‘ شروع کرنے کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر نسیم زیدی نے کہا ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا باقی ماندہ رائے دہندگان کا رجسٹریشن کرنے کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کررہا ہے جس میں نئے رائے دہندگان پر خصوصی توجہ ہوگی۔ یہ ای سی آئی کے اس مقصد کو پورا کرنے کی سمت میں ایک قدم ہے کہ کوئی بھی ووٹر پیچھے نہ رہ جائے۔
اس تحریک کے ایک حصے کے طور پر یکم جولائی 2017 کو فیس بک ہندوستان میں فیس بک استعمال کرنے والے تمام افراد کو کئی ہندوستانی زبانوں میں ایک ووٹر رجسٹریشن ریمائنڈر بھیجے گا۔ میں تمام اہلیت رکھنے والے شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ رجسٹریشن کرائیں اور ووٹ دیں۔ یعنی اپنے حق کو پہچانیں اور اپنی ذمہ داری نبھائیں۔
مجھے یقین ہے کہ اس پہل سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی رجسٹریشن کی مہم مستحکم ہوگی اور مستقبل کے رائے دہندگان کی انتخابی عمل میں شرکت کرنے اور ہندوستان کا ذمہ دار شہری بننے کیلئے حوصلہ افزائی ہوگی۔ ‘‘
ہندوستان میں پہلی بار ’’ووٹر رجسٹریشن ریمائنڈر ‘‘ شروع کیے جانے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے فیس بک کی پبلک پالیسی ڈائرکٹر فار انڈیا ،ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشیا محترمہ انکھی داس نے کہا کہ ’’لوگ سیکھنے ، ایک دوسرے سے بات چیت کرنے اور ایسے معاملات میں شرکت کرنے کے لئے فیس بک کا استعمال کرتے ہیں جو ان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہم الیکشن کے دن اور روزانہ ہی لوگو ں کی شمولیت والے ایسے کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ جمہوریت اس وقت مستحکم ہوتی ہے جب اس میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شراکت داری ہو، اسی لئے ہم ووٹ دینے کیلئے رجسٹریشن کی صلاحیت رکھنے والے تمام لوگوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں اور انہیں وسائل فراہم کرارہے ہیں۔ ‘‘