15.3 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

انتہائی شدید سمندری طوفان فانی کے پیش نظر این سی ایم سی نے تیاریوں کا جائزہ لیا شدید سمندری طوفان فانی 3؍مئی کو اڈیشہ میں پہنچنے گا

Urdu News

نئی دہلی؍یکم ؍مئی ؍کابینہ سکریٹری جناب پی کے سنہا نے آج ایک بار پھر انتہائی شدید سمندری طوفان فانی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریاستوں اور مرکزی وزارتوں کے علاوہ متعلقہ ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

ہندوستان کے موسمیات کے محکمے آئی ایم ڈی نے بتایا ہے کہ  انتہائی شدید سمندری طوفان فانی 180 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے طوفانی ہواؤں کے ساتھ 3؍ مئی کی سہ پہر کو   پوری کے جنوب میں اڈیشہ کے ساحلی  کو پہنچے گا، جس سے ریاست کے ساحلی اضلاع میں بھاری بارش ہوگی۔

توقع ہے کہ طوفان سے گنجم ، گجاپتی، کھوردا، پوری اور جگت سنگھ پور ، کیندر پاڑا، بھدرک ، جاج پور اور بالاسور سمیت اڈیشہ کے ساحلی اضلاع کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ مغربی بنگال میں مشرقی اور مغربی میدنی پور کے اضلاع ، جنوب اور شمال کے 24پرگناؤں، ہاؤڑا، ہوگلی، جھارگرام اور کولکاتہ کے ساتھ ساتھ آندھر پردیش کے سری کاکولم، وجیہ نگرم اور وشاکھا پٹنم اضلاع  کے بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ہندوستان کے محکمۂ موسمیات نے طوفان کے تقریباً 1.5 میٹر اوپر اٹھنے کی وارننگ دی ہے، جس سے سمندری طوفان کے پہنچنے کے وقت اڈیشہ کے گنجم ، کھوردہ پوری اور جگت سنگھ پور ضلعوں کے نشیبی ساحلی علاقوں میں پانی بھر سکتا ہے۔

ریاست اور مرکزی ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کابینہ سکریٹری نے ہدایت دی ہے کہ سمندری طوفان کے راستے میں آنے والے علاقوں سے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچانے کےلئے سبھی ضروری اقدامات کئے جائیں اور خوراک ، پینے کا پانی اور دواؤں وغیرہ جیسی لازمی سپلائی کی مناسب مقدار برقرار رکھی جائے۔ متعلقہ ریاست کے افسروں نے سمندری طوفان سے نمٹنے کے لئے تیاری اقدامات کے بارے میں بتایا۔

اڈیشہ سرکار نے بتایا ہے کہ تقریباً 900 سائکلون شیلٹرس تیار کئے گئے ہیں تاکہ  وہاں لوگوں کورکھا جا سکے اور ہنگامی صورتحال کے دوران کھانے پینے کے سامان کی تقسیم کے دوران ریاست میں 2  ہیلی کاپٹروں کو تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ کابینہ سکریٹری نے  وزارت دفاع کو ہدایت دی ہے کہ وہ اڈیشہ سرکار کی ضرورتوں کو پورا کرے۔

انہوں نے ایک بارپھر سبھی متعلقہ لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مناسب تیاریاں کریں تاکہ لوگوں کو ہونے والے نقصانات کی صورت میں بجلی، ٹیلی کمیونکیشن جیسی لازمی خدمات کو برقرار رکھنے کو یقینی بنایا جا سکے۔

ریلوے، شہری ہوابازی اور جہاز رانی کی وزارتوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی  پریشانی کی صورت میں اپنی خدمات کو تیزی سے بحال کرنے کو یقینی بنائیں اور وقت پر اپنی تیاریوں کا جائزہ لیں۔

انڈین کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے راحت اور بچاؤ کارروائیوں کے لئے اپنے جہاز اور ہیلی کاپٹر تعینات کئے ہیں۔تینوں ریاستوں میں فوج اور فضائیہ کی یونٹوں کو تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔

این ڈی آر ایف نے آندھرپردیش میں 12 ٹیمیں، اڈیشہ میں 28 ٹیمیں اور مغربی بنگال میں 6 ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ اس کے علاوہ 32 ٹیموں کو تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ یہ ٹیمیں کشتیوں، پیڑ کاٹنے والے اوزاروں اور ٹیلی مواصلات کے سازوسامان سے لیس ہیں۔

ریاستوں کو ایڈوائزری جاری کی گئی ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ماہی گیر سمندر میں مچھلیاں پکڑنے نہ جائیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات تمام متعلقہ ریاستوں کےلئے تازہ پیشگوئی کے ساتھ ہر 3 گھنٹے بعد بلیٹنس جاری کر رہا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ بھی ریاستی سرکاروں اور متعلقہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ برابر رابطہ  کئے ہوئے ہے۔

آندھرپردیش، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے چیف سکریٹریوں ؍ پرنسپل سکریٹریوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے این سی ایم سی میٹنگ میں شرکت کی۔ وزارت داخلہ، جہاز رانی کی وزارت کےعلاوہ شہری ہوا بازی، ریلوے، ماہی پروری، بجلی، ٹیلی مواصلات، دفاع، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی وزارت، ڈبہ بند خوراک، صحت کی وزارت کے علاوہ محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے اور این ڈی آر ایف کے سینئر افسروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More