نئی دہلی، صحت اور کنبہ بہبود کی وزیر مملکت محترمہ انوپریا پٹیل نے نئی دہلی میں ایشین ہارمونائزیشن ورکنگ پارٹی (اے ایچ ڈبلیو پی) کی 22 ویں کانفرنس کا افتتاح کیا۔ یہ پانچ روزہ کانفرنس سینٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او ) اور نیشنل ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (این ڈ ی آر اے) آف انڈیا کے ذریعے صحت و کنبہ بہبود کی وزارت کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کانفرنس کا کلیدی مقصد ایشیا اور اس کے باہر طبی آلات کے ریگولیشنز کے درمیان موافقت او ر ہم آہنگی قائم کرنے کے لئے نقطہ نظر کو فروغ دینا اور اس تعلق سے سفارشات پیش کرنا ہے۔ اس کا مقصد ریگولیٹروں اور صنعت کے درمیان معلومات اور مہارت کے تبادلے کی سہولت دستیاب کرانا بھی ہے۔
ایک رضا کارانہ اور غیر منفعتی تنظیم کی شکل میں ایشین ہارمونائزیشن ورکنگ پارٹی (اے ایچ ڈبلیو پی ) کا قیام 1999 میں عمل میں آیا تھا۔یہ تنظیم رکن ممالک کے 30 قومی ریگولیٹروں اور صنعتی اراکین پر مشتمل ہے ۔ اس کا مقصد انٹر نیشنل میڈیکل ڈیوائش ریگولیٹرس فارمس (آئی ایم ڈی آر ایف ) کے ذریعے جاری رہنما ہدایات کے مطابق ایشیا اور دیگر خطوں میں میڈیکل ڈیوائس ریگولیشنز یعنی طبی آلات کے انضباط کے تعلق سے ریگولیٹری (انضباطی ) ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ اے ایچ ڈبلیو پی ، آئی ایم ڈی آر ایف ، ڈبلیو ایچ او ، انٹر نیشنل آرگنائزیشن فار اسٹینڈرڈ ڈائزئزیشن(آئی ایس او) وغیرہ جیسے متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے کام کرتی ہے۔
حکومت نے ملک میں طبی آلات کے شعبے میں میک ان انڈیا ، تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) اور جدت طرازی کو فروغ دینے کے لئے ایک ماحول بنایا ہے ۔ مزید برآں ، وزارت صحت نے حال ہی میں ایک ریگولیشن یعنی میڈیکل ڈیوائسز رولز 2017 پیش کیا ہے۔ اس کا مقصد ریگولیشنز سے متعلق عالمی طور طریقوں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا اور ایک شفاف ،قابلِ پیش گوئی اور مضبوط ریگولیٹری نظام وضع کرنا ہے تاکہ اس سے ملک میں تیار کئےجانے والے طبی آلات اور درونِ تراکیبی (اِن وٹرو) تشخیص کے معاملے میں تحفظ، معیار اور حسنِ کار کر دگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید یہ کہ حکومت نے میک ان انڈیا مہم کو فروغ دینے کےلئے طبی آلات کے شعبے میں سو فیصد بیرونی راست سرمایہ کاری کی اجازت دی ہوئی ہے۔ میک ان انڈیا اور مضبوط ریگولیٹری فریم ورک کے لئے مشترکہ کوششوں سے حکومت نے ایک ایسا ماحول بنانے کی کو شش کی ہے جو سبھی متعلقین کے امنگوں کی تکمیل کر سکے۔
حکومت کی خواہش ہے کہ ایسی کوششوں سے ملک کے طول وعرض میں مختلف جغرافیائی ماحول میں شہریوں کو بہترین اور اعلیٰ معیار کے سستے طبی آلات دستیاب ہو سکیں۔
افتتاحی تقریب میں وزارت،سی ڈی ایس سی او ، این ڈی آر اے کے دیگر سینئر افسران کے ساتھ ساتھ ،صحت و کنبہ بہبود کی سکریٹری محترمہ پریتی سودن ، ایڈیشنل سکریٹری(صحت ) ڈاکٹر آر کے وتس اور دیگر ملکوں کی معزز شخصیات اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔