نئی دہلی، اطلاعات و نشریات کی وزارت کو پونے میں واقع فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے چیئرپرسن جناب انوپم کھیر کا ایک خط موصول ہوا ہے، جس میں انہوں نے بین الاقوامی شوٹنگ سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں بتایا ہے۔ جناب کھیر نے مطلع کیا ہے کہ وہ ان ذمہ داریوں کی وجہ سے 19-2018ء کے دوران تقریباً 9 مہینوں تک ملک میں موجود نہیں رہیں گے۔اپنی ان ذمہ داریوں کی وجہ سے وہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ ایف ٹی آئی آئی کے چیئرپرسن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دے پائیں گے۔
جناب کھیر کی پہلے سے طے شدہ ذمہ داریوں اور مذکورہ عہدے کے لئے درکار وقت کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزارت نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر کرنل راجیہ وردھن راٹھور نے ایف ٹی آئی آئی کو اس درجہ فراست اور ہم گدازی کے ساتھ چلانے کے لئے جناب انوپم کھیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ان کے قد ، لیاقت اور فلم برادری میں ان کے تئیں موجود جذبہ خیرخواہی نے اس ادارے کواستحکام بخشنے میں تعاون دیا۔
وزیر موصوف نے جناب انوپم کھیر کی مستقبل کی سرگرمیوں کے تئیں نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ایک ثقافتی سفیر کے طورپر ہندوستان کی ان کے ذریعے نمائندگی پر مسرت کا اظہار کیا۔ جناب راٹھور نے کہا کہ وزارت ان کے تجربات اور مشوروں پر اعتماد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔