نئی دہلی، انڈیا انفراسٹرکچر فائننس کمپنی لمیٹیڈ (آئی آئی ایف سی ایل) نے این ایس ڈی ایف کو دس کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے ۔ آئی آئی ایف سی ایل کی طرف سے دیئے جانے والے عطیہ کی یہ تیسری قسط ہے۔ اس طرح اب تک تیس کروڑ روپے کا عطیہ دیا جاچکا ہے۔
آئی آئی ایف سی ایل کے عطیہ کو بیڈمنٹن، تیر اندازی اور پیرا اسپورٹس کے فروغ کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد ان کھیلوں سے وابستہ افراد کی مدد کرنا ہے جو تربیت اور دیگر خدمات کی شکل میں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ کھیل کود کے ان مقابلوں کے لئے اکیڈمیز قائم کی جاتی ہیں اور ان اکیڈمیوں کو امداد دی جاتی ہے۔
نیشنل اسپورٹس ڈیولپمنٹ فنڈ (این ایس ڈی ایف) اعلی درجے کے کھلاڑیوں کی مدد کے ذریعہ کھیل کود میں مہارت کو فروغ دینے کے مقصد سے قائم کیا گیا تھا۔ اعلی درجے کے کھلاڑیوں میں وہ کھلاڑی شامل ہیں جن کے اولمپک اور دیگر بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں میڈل حاصل کرنے کی امید ہوتی ہے ۔ یہ فنڈ پرائیوٹ اور پبلک کارپوریٹ شعبوں نیز اوقاف اور سوسائٹیوں وغیرہ سے بھی عطیات قبول کرتا ہے۔
اس فنڈ نے اعلی درجے کے کھلاڑیوں کو ان کی تربیت ، سازوسامان کی خریداری اوربین الاقوامی مقابلوں میں ان کی شرکت کے ذریعہ انہیں مالی امداد فراہم کی ہے۔ فنڈ نے کھیل کود کی کچھ معروف اکیڈمیوں اور اداروں کو کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے لئے امداد بھی دی ہے ۔ یہ ادارے کھلاڑیوں اور کھیل کود سے وابستہ ماہر افراد کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔