نئی دہلی، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ڈیمو کریٹک لیڈر شپ کے طلباء کے ایک گروپ نے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے شمال مشرقی خطے کی ترقی (ڈونیئر)، ایم او ایس، پی ایم او، عملے، عوامی شکایات اور پنشن، ایٹمی توانائی اور خلائی امور، ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے آج یہاں ملاقات کی۔ گروپ، لیڈر شپ، سیاست اور حکمرانی میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں 10 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 18 طلباء پر مشتمل تھا۔ یہ بیچ مذکورہ ادارے کا دوسرا بیچ ہے۔ پہلے بیچ کے 32 طلباء نے اس سے قبل ، گزشتہ برس مارچ میں وزیر موصوف سے ملاقات کی تھی۔ طلباء نے ملاقات کے دوران مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈرس کے ساتھ ہوئی اپنی بات چیت کو مشترک کیا۔
طلباء سے اپنے تبادلۂ خیال کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ نوجوان، ملک کا مستقبل میں لائحہ ٔ عمل تیار کرنے اور ‘ نیا بھارت’ بنانے میں اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام دائروں بشمول سیاسی، معاشی اور سماجی میدانوں میں اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کی ترقی کے لئے متعدد اقدام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ نوجوان فیصلوں میں حصہ لینے کےلئے راغب ہو رہے ہیں، جو ملک کے لئے فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی 65فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر کی ہے۔ اس لئے ان کے خوابوں اور امیدوں کواڑان دینا اور ان کی توانائی کو صحیح سمت میں استعمال کرنا بہت اہم ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہندوستان کے شمال مشرقی خطے اور جموں اور کشمیر میں ترقیاتی مسائل سے نمٹنے میں حکومت کے رول کے بارے میں بھی تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان خطوں کے نوجوانوں کی فلاح کے لئے حکومت کے ذریعہ متعدد اسکیموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی دیگر اسکیموں کے ساتھ اسٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیا کا ذکر کیا۔
انہوں نے منتظمین کی پچھلے بیچ کے طلباء سے فیڈ بیک لینے اور نصاب میں ضروری تبدیلیاں کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ مختلف آئیڈیالوجیز، جو گوناگوں گروپوں کے ایکسپوژر اور تجربات سے بنتی ہیں کی سمجھ رکھنا بہت ضروری ہے۔