نئی دہلی، دفاع کے وزیر مملکت جناب سبھاش بھامرے نے آج ایئر ہیڈ کوارٹر (وی بی) پر انڈین ایئر فورس کے آن لائن ایگزامنیشن ویب پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم کے ’ڈیجیٹل انڈیا‘ ویژن میں تعاون دینے کیلئے انڈین ایئرفورس کو مبارک باد دی۔ انہوں نے انڈین ایئر فورس کو سینٹر فار ڈیولپمنٹ آف ایڈوانسڈ کمپیوٹنگ (سی –ڈی اے سی) کے اشتراک سے آن لائن ایگزامنیشن سسٹم کو فروغ دینے اور اس طرح سے حکومت ہند کے ’میک ان انڈیا‘ اور ’ڈیزائن ان انڈیا‘ کے فلسفے پر عمل کرنے کیلئے بھی مبارک باد دی۔ فضائیہ کے نائب سربراہ ،ایئرمارشل ایس بی دیو اور ایئر فورس کے دیگر افسران افتتاحی تقریب کےد وران موجود تھے۔
انڈین ایئر فورس تینوں افواج میں پہلا ایسا ادارہ ہے جس میں افسروں اور فضائیہ کے کیڈر کے انتخاب کیلئے اطلاعاتی ٹیکنالوجی پر مبنی آن لائن جانچ نظام کا آغاز کیا ہے۔ اس تجویز کو 22 اکتوبر 2016 کو وزیر دفاع نے اصولی طور پر منظور دی تھی۔ سی- ڈی اے سی کے تعاون سے انڈین ایئر فورس جنوری 2018 سے آن لائن جانچ نظام کی طرف منتقل ہونےجارہی ہے، جس کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 15 دسمبر 2017 سے ہوگا۔
انڈین ایئر فورس میں افسروں اور ایئرمین کیڈروں کے سلیکشن کے نظام میں مسلسل تبدیلی ہوتی رہی ہے اور جانچ نظام کو مضبوط کرنے کی کوشش مسلسل جاری رہی ہے۔ اگرچہ موجودہ نظام وقت کی کسوٹی پر کھرا ثابت ہوتا رہا ہے تاہم جانچ کرنے کی اہلیت اور جغرافیائی نقطہ نظر سےملک کے سبھی حصوں خاص طور پر دیہی نوجوانوں میں سے سبھی اہل امیدوار وں کو مساوی مواقع نہ ملنے جیسی رکاوٹیں اس کی راہ میں حائل ہوتی رہی ہیں۔
نظام کو بہتر بنانے، اسے مزید امیدوار دوست بنانے اور تنظیمی حسن کارکردگی میں اضافہ کرنے کیلئے حکومت ہند کی ایک ایجنسی سی-ڈی اے سی کے ساتھ 31 اکتوبر 2017 کو ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے تھے۔ اس پروجیکٹ کا نفاذ آفیسرز کیڈر کیلئے ایئرفورس کامن ایڈمیشن ٹسٹ (اے ایف سی اے ٹی) اور ایئرمین کیڈر کیلئے شیڈیولڈ ٹسٹ فار ایئرمین ریکروٹمنٹ (ایس ٹی اے آر) کیلئے جنوری 2018 سے کیا جائے گا۔
اس سے قبل ملک بھر میں آفیسر کیڈر کے امتحان کیلئے 100 سے زیادہ اور ایئرمین سلیکشن انتظام کیلئے انڈین ایئرفورس کے 14 مراکز تھے۔کچھ ریاستوں؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کوئی ٹسٹ سینٹر نہیں تھا۔ نتیجتاً امیدواروں کو جانچ مراکز تک جانے کیلئے قابل ذکر وقت اور وسائل صرف کرنے پڑتے تھے۔ نئے نظام کے تحت ملک بھر میں تقریباً 760 مراکز ہوں گے اور کسی امیدوار کو سب سے زیادہ جو سفر کرنا ہوگا وہ اس کے گھر سے بہت کم رہ جائے گا۔ اس سے ہر 6 ماہ پر ہونے والے امتحان میں ایئرمین سلیکشن کے لئے تقریباً 4 لاکھ امیدواروں اور آفیسرز کی حیثیت سے سلیکشن کے لئے دو لاکھ امیدواروں کو سہولت ملے گی۔