نئی دہلی، نائب صدرجمہوریہ ہند جناب ایم وینکیانائیڈو نے اونم کے مبارک موقع پر اپنے ملک کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ اونم کا تیوہارروایتی جوش و خروش اور امنگ کے ساتھ منایا جاتا ہے، جو بھارتی معاشرے میں زراعت کی کلیدی حیثیت کا مظہر ہے۔ اونم کی تقریبات پورے کیرالہ میں دس دن پر محیط ہوتی ہیں اور ان کے تحت گونا گوں سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔
نائب صدرجمہوریہ ہند نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اپنے ملک کے عوام کو اونم کے موقع پر ہدیہ تہنیت پیش کرتا ہوں۔
اونم ہمارے ملک کے مختلف حصوں میں فصل کٹنے کے سیزن کے آغا ز کی علامت ہے۔ یہ تیوہار روایتی مسرت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے اور بھارتی معاشرے میں زراعت کی کلیدی حیثیت کا مظہر ہے۔ اونم کی تقریبات پورے کیرالہ میں دس دن کے عرصے پر محیط ہوتی ہیں اور ان کے تحت کشتیوں کے دوڑ، رقص کا اہتمام، پھولوں کی آرائش اور روایتی فنون حرب کے مقابلوں کا اہتمام شامل ہے۔
خدا کرے یہ تیوہار ملک میں امن، خوشحالی اور مسرت کے ماحول کا نقیب ہو۔