نئی دہلی، آسیان – بھارت کاروباری اور سرمایہ کاری ملاقات پر مشتمل نمائش کا افتتاح مشترکہ طور پر تجارت و صنعت کے وزیر جناب سریش پربھو اور آسیان کے وزراء اور بھارت کے خارجی امور کے وزیر مملکت جنرل (ڈاکٹر) (سبکدوش) وی کے سنگھ کے ذریعے عمل میں آیا ہے۔ آسیان ممالک کے وزراء میں برونئی کے وزیراعظم کے دفتر میں محترم وزیر اور خارجی امور کے وزیر دوئم مسٹر لم جاکس سینگ، انڈونیشیا کے تجارت کے وزیر مسٹر انگارتیاسکو لوکیتا، میانمار کے وزیر صنعت محترم یو کھِن ماؤنگ چو، کمبوڈیا کے وزارت تجارت کے محترم سکریٹری مسٹر چاؤن دارا، فلیپینس کے محکمہ تجارت کی انڈر سکریٹری محترمہ نورا ککیلا تیرادو، تھائی لینڈ کی ڈپٹی وزیر تجارت محترمہ چوتیما بنیاپراپسارا، ویتنام کے صنعت و تجارت کے وزیر مسٹر کاؤ کوک ہنگ، اور آسیان کے سکریٹری جنرل مسٹر لم جوک ہوئی کے نام شامل ہیں۔
‘مشترکہ خوش حالی کے لئے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا’ کے موضوع پر منعقدہ افتتاحی عام اجلاس میں مشرقی ملکوں کے ساتھ بھارت کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی گئی، جس کا مقصد خطے میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔ اجلاس میں مینوفیکچرنگ شعبے میں بھارت اور آسیان ملکوں کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے اقدامات، خطے میں چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے اور نئے اختراعی نظریات پیدا کرنے کے لئے اسٹارٹ کلچر قائم کرنے پر توجہ دی گئی۔
کامرس اور صنعت کے وزیر جناب سریش پربھو نے آسیان وزراء کا ان کی موجودگی کے لئے شکریہ ادا کیا۔ جناب پربھو نے کہا کہ بھارت اور آسیان کے درمیان گہرے اور مضبوط رشتے ہیں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت آسان کے ساتھ اپنی سرگرمیوں میں مزید گہرائی لانے کے تئیں پرامید ہے، جبکہ اگلے کچھ دن کے دوران خصوصی تقاریب منعقد کرنے اور ہماری مشترکہ اقدار اور مشترکہ مستقبل کا جشن منانے کا پروگرام ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس تقریب سے ہمارے مختلف شعبوں میں اشتراک کو اجاگر کرتے ہوئے بھارت آسیان تعلقات کے اگلے پچیس سال کا خاکہ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
آسیان – بھارت ایکسپو میں بھارت اور آسان خطے میں تجارت اور خدمات میں عمدگی کی نمائش کی گئی ہے۔ ان شعبوں میں بنیادی ڈھانچے، مینوفیکچرنگ، مینوفیکچرنگ و انجینئرنگ، آئی سی ٹی، حفظان صحت، سیاحت، ماحولیات، زراعت ، سائنس و ٹیکنالوجی، فائیننس اور بینکنگ، لوجسٹکس اور خوردہ جیسے شعبوں کے بائرس اور نمائش کاراس ایکسپو میں شرکت کررہے ہیں۔ ایکسپو میں آسیان ملکوں، آسیان ملکوں کے پویلینوں، بھارتی ریاستوں کے پویلینوں اور برآمدات کو فروغ دینے سے متعلق کونسلیں شرکت کرتی ہیں۔
23 جنوری 2018 کو پروگرام کے دوسرے دن اجلاس اور مذاکرات منعقد کئے جائیں گے، جن میں خاص طور پر خدمات، خطہ جاتی ویلیوچین اور کنیکٹیوٹی، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی مفادات پر توجہ دی جائے گی۔ تکنیکی اجلاسوں کی صدارت الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی، نیز قانون و انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد، خوراک کی ڈبہ بندی سے متعلق صنعتوں کی وزیر محترمہ ہرسمرت کور اور اختتامی اجلاس کی صدارت خزانہ اور کارپوریٹ امور کے وزیر جناب ارون جیٹلی کریں گے۔